جھانوی کالج ناک آؤٹ ٹورنمنٹ کامیاب ،مدثر احمد مین آف دی سیریز

   

حیدرآباد ۔19 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ انڈر 19 انٹر کالج ٹورنمنٹ کے خطابی مقابلے میں جھانوی ڈگری کالج سکندرآباد نے حریف ٹیم ولبھ بھائی پٹیل ڈگری کالج کو بہ آسانی 154 رنز سے شکست دیکر خطاب حاصل کرلیا ۔ ٹاس جیت کر ایس پی ڈگری کالج نے جھانوی ڈگری کالج کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس پر اس نے چھ وکٹوں کے نقصان کے بعد 245 رنز اسکور کئے ۔ جوابی اننگز میں ایس پی ڈگری کالج 91 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی جبکہ بارش کی وجہ سے مقابلہ کو فی اننگز 10 اوورس تک کردیا گیا تھا ۔ مذکورہ ٹورنمنٹ میں تلنگانہ کے مختلف مقامات اور حیدرآباد سے جملہ 52 ڈگری کالجوں نے شرکت کی تھی اور اس ٹورنمنٹ میں حیدرآباد کے اُبھرتے آف اسپنر محمد خواجہ مدثر احمد نے 17 وکٹیں حاصل کی جس میں تین مرتبہ پانچ وکٹوں کا کارنامہ بھی شامل ہے جبکہ فائنل میں انھوں نے 28 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ۔ ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرہ پر مدثر احمد کو بہترین وکٹیں حاصل کرنے والے ٹورنمنٹ کے بولر کا ایوارڈ دیا گیا ۔