جھرہ میں بھائی کے ہاتھوں بھائی کا قتل

   

جائیداد کا تنازعہ اور خاندانی اختلافات جھگڑے کی وجہ
حیدرآباد ۔21 اکٹوبر ( سیاست نیوز) آصف نگر جھرہ علاقہ میں پیش آئے افسوسناک واقعہ میں ایک بھائی نے دوسرے کا قتل کردیا ۔ جائیداد اور دیورانی و جیٹھانی کے درمیان آپسی رنجش اس قتل کی وجہ بتائی جارہی ہے ۔ قتل کی اس سنگین واردات کے بعد کشن نگر جھرہ میں سنسنی پھیل گئی جہاں 32سالہ طیب ان کے بڑے بھائی محبوب کے حملہ میں ہلاک ہوگئے جبکہ محبوب کے حملہ میں اس کا بچہ بھی زخمی ہوگیا ۔ طیب جھرہ علاقہ کے ساکن عبدالواحد کا بیٹا تھا ۔ طیب اور محبوب میں جائیداد کے مسئلہ پر تنازعہ چل رہا تھا ۔ اکثر چھوٹی چھوٹی بات پر جھگڑا کرنے کی محبوب کی عادت بن گئی تھی اور ان دونوں حقیقی بھائیوں کے درمیان رنجش کی ایک اور وجہ ان کی بیویاں بتائی جارہی ہیں ۔ کل دن کے اوقات محبوب طیب کے گھر آیا اور جھگڑا کرنے لگا ۔ طیب کی موجودگی میں اس نے اس کی بیوی کے ساتھ گالی گلوج کی اور اس بدتمیزی پر طیب نے اپنے بڑے بھائی کو سمجھا کر روانہ کردیا لیکن غصہ اور بدلے کی آگ میں محبوب رات دیر گئے دوبارہ طیب کے مکان پہنچا اور جھگڑا کرنے لگا ۔ اسی دوران اس نے چاقو سے طیب پر حملہ کردیا اور بیچ بچاؤ کرنے والے اس کے بھتیجہ کو بھی حملہ کا نشانہ بنایا ۔ دونوں کو شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں طیب زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ آصف نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔