جھوٹ اور تشدد مودی حکومت کا بنیادی اصول بن گیا ہے

   

جنتر منتر سے سونم وانگ چوک کی منتقلی غلط ‘ طلباء کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ۔ راہول گاندھی

نئی دہلی 18 جولائی ( ایجنسیز ) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے جہد کار سونم وانگ چوک کو جنتر منتر سے زبردست دواخانہ منتقل کرنے پر اپنی خاموشی تورتے ہوئے مودی حکومت پر پرامن احتجاج کو دبانے اور کچلنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ۔ سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کا بنیادی اصول استیہ ( جھوٹ ) اور ہنسا ( تشدد ) ہوگیا ہے ۔ انہوں نے عدم تشدد کے ساتھ بھوک ہڑتال کرنے والے سونم وانگ چوک کی منتقلی کو غلط قرار دیا ۔ اس مسئلہ کو طلباء کی تشویش سے جوڑتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ امتحانی پرچوں کا افشاء ‘ تعلیم کی بڑھتی ہوئی قیمت اور طلباء کی خود کشی آج ملک کو درپیش اہم چیلنجس میں شامل ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ چاہے کتنی ہی طاقت استعمال کرلی جائے ہندوستان کے طلباء کو نہیں روکا جاسکتا اور نہ انہیں روکا جاسکتا ہے جو طلباء کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ مسائل اٹھائے جاتے رہیں گے ۔ انہوں نے اس طرح سونم وانگ چوک کے احتجاج کو کانگریس کی تائید کا اشارہ دیا ۔