نئی دہلی: جیا ورما سنہا نے جمعہ کو ریلوے بورڈ کے نئے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کا عہدہ سنبھال لیا۔ سنہا پہلی خاتون ہیں جنہیں ریلوے بورڈ کی چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے انیل کمار لاہوتی کی جگہ لی ہے ۔محترمہ سنہا کی میعاد 31 اگست 2024 تک ہوگی۔سنہا نے 1988 میں انڈین ریلوے ٹریفک سروس میں شمولیت اختیار کی اور انہوں نے ساؤتھ ایسٹرن ریلوے ، ناردرن ریلوے اور ایسٹرن ریلوے میں مختلف انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ ایسٹرن ریلوے کے سیالدہ ڈویژن میں ڈویژنل ریلوے منیجر اور ساؤتھ ایسٹرن ریلوے میں چیف کمرشل منیجر بھی رہ چکی ہیں۔الہ آباد یونیورسٹی کی سابق طالبہ اور فوٹو گرافی کی شوقین سنہا بنگلہ دیش میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں ریلوے کی مشیر تھیں اور ان کے دور میں کولکتہ سے ڈھاکہ تک میتری ایکسپریس کا آغاز کیا گیا تھا۔