ہردوار : اترکھنڈ کی ہردوار ضلع جیل سے دو خطرناک مجرمین بشمول ایک قتل کا مجرم فرار ہوگئے جبکہ جیل میں ’ رام لیلا ‘ کا اہتمام کیا جا رہا تھا ۔ تفصیلات کے بموجب راج کمار اور پنکج نامی ملززین رام لیلا میں وانر ( بندر ) کا رول ادا کر رہے تھے اور وہ دیوی سیتا کی تلاش میں گئے تھے ۔ پنکج کا تعلق روکی سے بتایا گیا ہے اور وہ قتل کے جرم میں سزائے عمر قید کاٹ رہا تھا جبکہ راج کمار زیر دریافت قیدی تھا ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پرمیندر سنگھ دوبال نے بتایا کہ ہمیںآج صبح اطلاع ملی کہ دو قیدی ایک سزا یافتہ اور دوسرا زیر دریافت جیل سے فرار ہوگئے ہیں۔ جیل انتظامیہ نے ابتدائی تحقیق کی ۔ جب ضلع انتظامیہ کو اطلاع ملی تو ہم نے تلاشی مہم شروع کردی ہے اور ہر جگہ چیکنگ کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پنکج اور راجکمار سیڑھی کا استعمال کرکے جیل سے فرار ہوگئے جو تعمیراتی کام کیلئے لائی گئی تھی ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ قیدیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور انہیں جلد انہیں گرفتار کرلیا جائے گا ۔