جی او 317 کیخلاف احتجاج ، رکن اسمبلی سیتکا گرفتار

   

کانگریس کارکنوں کی پولیس سے بحث و تکرار، ملازمین کے نمائندوں سے بات چیت کا مطالبہ
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) سرکاری ملازمین اور اساتذہ کی تقسیم کیلئے جاری کردہ جی او 317 سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس رکن اسمبلی سیتکا کی قیادت میں این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ اور دوسروں نے بشیر باغ پر دھرنا منظم کیا۔ پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر پولیس اور کانگریس کارکنوں میں بحث و تکرار ہوگئی۔ امبیڈکر مجسمہ کے قریب سیتکا نے جی او سے دستبرداری کے پلے کارڈس کے ساتھ دھرنا منظم کرتے ہوئے نعرہ بازی کی اور کہا کہ جی او 317 پر عمل آوری کے نتیجہ میں ملازمین اور اساتذہ کے ساتھ سخت ناانصافی ہوئی ہے اور کئی ٹیچرس نے خودکشی کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ٹیچرس کی خودکشی کے باوجود حکومت بے حسی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنظیموں سے بات چیت کرتے ہوئے جی او میں ترمیم کی جائے۔ سیتکا نے کہا کہ قبائیلی ملازمین اس جی او سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اساتذہ کو دور دراز کے علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے۔ انہوں نے جی او کے خلاف بی جے پی کے احتجاج کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ اگر بی جے پی احتجاج میں سنجیدہ ہے تو اسے صدر جمہوریہ کے اعلامیہ کی منسوخی کے اقدامات کرنے چاہیئے۔ر
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جی او 317 سے دستبرداری تک احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں اور جھوٹے مقدمات سے کانگریس خوفزدہ نہیں ہوگی۔ر