جی ایس ٹی کی سابق شرح کے ساتھ سنیما گھروں کی لوٹ

   

18 کی بجائے 28 فیصد جی ایس ٹی وصول کرنے والے آئی میکس کیخلاف کارروائی

حیدرآباد ۔ 5 فبروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں کئی ایسے سنیما گھر ہیں جو کہ جی ایس ٹی کے سابق قواعد پر عمل آوری کرتے ہوئے زیادہ منافع کمارہے ہیں حالانکہ ابتداء میں تفریحی شعبہ پر 28 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا گیا تھا جس میں سنیما بھی شامل تھے لیکن اس کے بعد نظرثانی کرتے ہوئے اس 28 فیصد ٹیکس میں تخفیف کرتے ہوئے اسے 18 فیصد کردیا گیا۔ گذشتہ برس 100 روپئے یا اس سے زائد کی ٹکٹوں پر 28 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا گیا تھا لیکن جی ایس ٹی کونسل نے حالیہ دنوں میں اس پر نظرثانی کرتے ہوئے 28 فیصد ٹیکس کو تخفیف کے بعد 18 فیصد کردیا اور یکم ؍ جنوری سے اس کا نفاذ بھی ہوگیا لیکن حیدرآباد میں کئی ایسے سنیما گھر ہے جو کھلم کھلا 18 کی بجائے 28 فیصد جی ایس ٹی وصول کررہے ہیں جس سے انہیں 10 فیصد زیادہ فائدہ ہورہا ہے جو راست طور پر عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے۔ عوام کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد جی ایس ٹی کمشنریٹ کے عہدیداروں نے شہر میں چھاپے مارے ہیں جس میں کئی ایک سنیما گھروں کی جانب سے خلاف ورزی کے ثبوت ملے ہیں اور ان کے خلاف شکایت درج کرتے ہوئے مقدمات کو اینٹی پرافٹنگ ڈپارٹمنٹ سے رجوع کردیا ہے جو قواعد کی خلاف ورزی کے ضمن میں شواہد جمع کرنے کے علاوہ خاطیوں کے خلاف کارروائی بھی کرے گی۔ 18 کی بجائے 28 فیصد جی ایس ٹی موصول کرنے والی تھیٹروں میں آئی میکس بھی شامل ہیں۔ پرنسپل کمشنر فار حیدرآباد ایم سرینواس نے ہدایت جاری کی ہیکہ وہ آئی میکس عہدیداروں سے اس ضمن میں تحقیقات کریں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہیکہ گذشتہ دنوں جو عبوری بجٹ پیش کیا گیا ہے اس میں تفریحی شعبہ پر عائد کئے جانے والے جی ایس ٹی میں مزید کمی کرتے ہوئے اسے 18 کے بجائے 12 فیصد کردیا گیا ہے۔