ممبئی: ممبئی کے جے جے ہاسپٹل میں 130 سال پرانی برطانوی دور کی سرنگ ملی ہے۔ تقریباً 200 میٹر لمبی یہ سرنگ انگریزوں نے بنوائی تھی۔ہاسپٹل انتظامیہ نے سرنگ کے ملنے کی اطلاع محکمہ آثار قدیمہ کو دے دی ہے۔ اس سرنگ کے بارے میں مزید جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جے جے ہاسپٹل کے ڈاکٹر ارون راٹھوڑ نرسنگ کالج کیمپس میں چہل قدمی کر رہے تھے۔ اچانک انہیں کچھ الگ نظر آیا، پھر اردگرد کی مٹی ہٹانے کے بعد یہ سرنگ نظر آئی۔ جس کے بعد ملازمین کی مدد سے ٹنل کا معائنہ کیا گیا۔ہاسپٹل کے مطابق یہ سرنگ ڈیلیوری وارڈ سے بچوں کے وارڈ تک پھیلی ہوئی ہے اور ہاسپٹل کی دو عمارتوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ سرنگ کی لمبائی 200 میٹر بتائی جا رہی ہے۔ سر جے جے ہاسپٹل کی عمارتیں 177 سال قبل تعمیر کی گئی تھیں۔ڈاکٹر راٹھوڑ نے اس سرنگ کی معلومات محکمہ آثار قدیمہ کو دی ہے۔ اس سرنگ کا مطالعہ کرنے کے بعد محکمہ آثار قدیمہ اپنی رپورٹ انتظامیہ کو دے گا۔ برطانوی دور کی یہ سرنگ تقریباً 130 سال پرانی ہے جو کہ برطانوی دور میں بنی ہوگی۔اب سوال یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ انگریزوں نے یہ سرنگ کیوں بنائی ہوگی؟