حالت نشہ میں عورت نے بم کی دھمکی، جہاز واپس لینڈ کروانے کا مطالبہ

,

   

ممبئی: ایک 25 سالہ خاتون نے نشہ کی حالت میں فلائٹ میں بم دھمکی دیتے ہوئے فلائٹ کو دوبارہ کلکتہ لیجانے کا مطالبہ کیا۔ حکام نے حالات کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی لینڈنگ کردی۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا۔ کلکتہ کے نیتاجی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ممبئی روانہ ہوئی۔ اس وقت فلائٹ میں 114مسافرین سفر کررہے تھے۔ مذکورہ خاتون بھی اسی فلائٹ میں تھی۔

جہاز کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد اس نے ایک خط لکھ کر جہاز کے ایک ملازم کو دیا اور کہا کہ یہ خط پائلٹ کے حوالہ کردیں۔ ایئر پورٹ حکام کے مطابق اس خط میں لکھا تھا کہ اس کے جسم میں بم لگاہواہے اور وہ کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ پائلٹ نے ایئر ٹرافک کنٹرولر (اے ٹی سی) سے ربط پیدا کیا جہاں اسے جہاز لینڈ کروانے کی ہدایت دی گئی۔ دوبارہ جہاز کلکتہ کے وہی ایئرپورٹ پر لینڈ کروادیا گیا جہاں سے اس نے اڑان بھری تھی۔ مذکورہ خاتون کو سی آئی ایس ایف نے حراست میں لے کر اس کی تلاشی لی گئی جہاں اس کی بات غلط ثابت ہوئی۔ بعد ازاں خاتون کا طبی معائنہ کیا گیا جہاں پتہ چلاکہ وہ اس وقت نشہ کی حالت میں تھی۔