حالت نشہ میں ڈرائیونگ، کار الٹ گئی، ایک ہلاک

   

حیدرآباد۔2 ۔اگست (سیاست نیوز) فرینڈشپ ڈے کے موقع پر ساتھیوں کی تقریب میں نشہ کے سبب ماتم میں بدل گئی جس کے سبب 23 سالہ اشریتا ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ کل رات دیر گئے گچی باؤلی پولیس حدود میں پیش آیا ۔ متوفی اشریتا اپنے دیگر ساتھیوں شروتی ، پرکاش اور ابھیشک کے ہمراہ کار میں سوار تھی ۔ یہ لوگ آپس میں ساتھی تھے جو اکفائی کالج شنکر پلی میں بی بی اے کی تکمیل کے بعد مختلف مقامات پر تھے ۔ کل فرینڈ شپ ڈے کے موقع پر چاروں ایک جگہ جمع ہوئے اور کنڈا پور کے پمپ پہنچے اور پب میں شراب نوشی کے بعد واپسی کا رخ کیا ۔ کار جیسے ہی گچی باؤلی کے مائی ہوم سنگلا پہنچی کار بے قابو ہوگئی ۔ نشہ کی حالت میں ہونے کے سبب کار بے قابو ہوکر ایک ٹھہرے ٹپر سے ٹکراکر الٹ گئی ۔ اس حادثہ میں اشریتا کے علاوہ شروتی اور پرکاش بھی زخمی ہوگئے جنہیں قریبی کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اشریتا زخموں سے جانبر نہ ہوسکی جبکہ دونوں کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلایا کہ کار ابھیشک چلا رہا تھا جو سخت نشہ کی حالت میں تھا۔ اشریتا کینیڈا میں ایم ٹیک زیر تعلیم تھی جو تلاپور علاقہ میں رہتی تھی ۔ پولیس گچی باؤلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔