حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی

   

2252 افراد کے خلاف مقدمہ، 498کو جیل کی سزاء
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس نے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف اپنا شکنجہ کستے ہوئے 2282 افراد کے خلاف کارروائی کی ہے جس کے نتیجہ میں عدالت نے 498 قصورواروں کو جیل کی سزاء سنائی ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک انیل کمار کے بموجب جاریہ سال اپریل میں ٹریفک پولیس کی جانب سے دونوں شہروں میں مختلف مقامات پر ڈرنک اینڈ ڈرائیونگ مہم چلائی گئی جس کے تحت کئی افراد کو حالت نشہ میں پایا گیا ۔ ٹریفک پولیس نے ان کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی اور تیسرے اور چوتھے میٹروپولیٹین مجسٹریٹ کورٹس نے 167 افراد کے لائسنس مستقل طور پر منسوخ کردیئے جبکہ 163 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کو مقررہ وقت کیلئے معطل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 49 لاکھ 64 ہزار کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے اور سزاء دیئے جانے والے افراد کو چنچل گوڑہ جیل منتقل کیا گیا جس میں ایک شخص کو ایک مہینے کیلئے ، 26 افراد کو 10 دن کیلئے اور دیگر افراد کو کچھ دنوں کیلئے جیل بھیجا گیا ہے ۔ حالت نشہ میں پائے جانے والوں کی ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گوشہ محل اور بیگم پیٹ میں کونسلنگ کی گئی اور انہیں حالت نشہ میں گاڑی چلانے سے درپیش خطرات سے بھی واقف کروایا گیا ۔ انیل کمار نے کہا کہ حالت نشہ میں پکڑے جانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور انہیں ایک دن کی بھی سزاء ہونے پر پاسپورٹ ، سرکاری ملازمتوں اور ویزا کے حصول کیلئے دشواریاں پیش آئیں گی ۔