حامیوں نے کڈیم سری ہری کو پارٹی تبدیل کرنے کا مکمل اختیار دیا

   

کانگریس میں شامل ہونے کے فیصلے سے کڈیم سری ہری نے اپنے حامیوں کو واقف کرایا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری کے حامیوں نے ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے پارٹی تبدیل کرنے کے معاملے میں ان کے ہر فیصلے کو قبول کرنے کا یقین دلایا ۔ کڈیم سری ہری نے آج اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور کے پارٹی کارکنوں اور حامیوں کا ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے انہیں ریاست کے تازہ سیاسی صورتحال اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور کی ترقی اور دوسرے مسائل سے واقف کراتے ہوئے پارٹی تبدیل کرنے کے معاملے میں ان کی رائے حاصل کی ۔ کڈیم سری ہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل کانگریس کے قائدین ان کے گھر پہونچے تھے مجھے اور میری دختر کو کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ۔ وہ ان سے کہہ چکے ہیں میری 30 سالہ سیاسی زندگی میں ساتھ دینے والے میرے حامیوں کی رائے حاصل کرنے کے بعد اپنے فیصلے سے واقف کرائیں گے ۔ اس لیے آپ کی رائے جاننے کے لیے حیدرآباد طلب کیا گیا ہے ۔ مختصر سی نوٹس پر سینکڑوں حامی حیدرآباد پہونچے جن سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ اور آپ نے قرار داد منظور کرتے ہوئے جو فیصلہ کیا ہے اس پر بھی اظہار تشکر کرتا ہوں ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس پارٹی انتہائی کمزور ہوچکی ہے ۔ عوام کے اعتماد سے محروم ہوگئی ہے ۔ اپنے اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور کی ترقی اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے ان کے سامنے پارٹی تبدیل کرنے کے دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے ۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ انہوں نے پارٹی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر بی آر ایس میں واویلا مچایا جارہا ہے ۔ بی آر ایس کے قائدین پی دیاکر اور اے رمیش نے پارٹی تبدیل کیا تب کسی نے کوئی اعتراض نہیں کیا ۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ ان کی سیاسی زندگی میں بدعنوانی کا کوئی دھبہ نہیں ہے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی مقدمات ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے ان کی دختر کڈیم کاویا کو حلقہ لوک سبھا ورنگل کا ٹکٹ دینے کا پیشکش کیا ہے ۔ مجاہدین تلنگانہ کی ترقی اور بہبود کے لیے سابق چیف منسٹر کے سی آر نے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ سارے ضلع ورنگل میں سوائے اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پورکے تمام اسمبلی حلقوں میں ترقی ہونے کا دعویٰ کیا ۔۔ 2