حجاب پر کالج میں دوگروپ متصادم،تین ایف آئی آر درج

   

منگلورو: منگلورو میں حجاب پہننے پر طلبہ کے دو گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد تین کیسز درج کیے گئے ہیں۔ منگلوروکے پولیس کمشنر این ششی کمار نے کہاہے کہ کچھ لڑکیوں کو حجاب پہن کر امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دینے پر جمعرات کو دو گروپوں میں جھڑپ ہوئی ہے۔پولیس کمشنر نے کہاہے کہ ایک طالبہ کی شکایت پر کچھ طالبات اور اے بی وی پی کے 15 ارکان کے خلاف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ دوسرا مقدمہ ایک طالبہ کی شکایت پر پہلے کیس کے شکایت کنندہ اور چھ دیگر کے خلاف درج کیا گیا ہے۔تیسرا مقدمہ ایک اور طالب علم کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔ حال ہی میں کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب کو لے کر تنازع اس وقت کھل کر سامنے آیا۔جب اڈپی ضلع کے گورنمنٹ گرلز پی یو کالج کی کچھ طالبات نے جنوری میں اسکول انتظامیہ کے خلاف مبینہ طور پر کلاسوں میں جانے سے روکنے پر احتجاج شروع کیا۔تعلیمی اداروں میں حجاب کا مسئلہ کرناٹک ہائیکورٹ تک پہنچ گیا ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد تعلیمی اداروں میں کسی بھی مذہب کی شناخت والے لباس پر عبوری پابندی کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔