نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا سے جانے والے عازمین کے لیے حج اخراجات کی پہلی قسط جمع کرنے کی توسیع شدہ آخری تاریخ 15 فروری مقرر ہے – جس میں اب توسیع ممکن نہیں ہے۔ یہ اطلاع حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیاقت علی آفاقی نے دی ہے۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی قیادت اور وزارتِ اقلیتی امور حکومتِ ہند کی نگرانی میں حج 2024 کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب لیاقت علی آفاقی جو اس وقت سعودی عرب میں حج انتظامی امور کی تکمیل کے لیے مصروف افسران کی ایک ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا حکومتِ ہند اور حکومتِ سعودی عرب کے معاہدے کے مطابق امسال 1,75,025 ہندوستانی مسلمان حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ ان میں بزریعہ حج کمیٹی انڈیا 1,40,025 عازمین حج ادا کریں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ سہولیات کی فراہمی کے ساتھ تسلی بخش انتظامات کے لیے وقت سے پہلے حج وابستہ ہر ایجنسی مثلاً ائیر لانز، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ، منیٰ، عرفات و مزدلفہ میں قیام کے ساتھ دیگر انتظامات کے اخرجات کی پیشگی ادائیگی ضرروی ہوتی ہے ۔ تاخیر ہونے پر انتظامات میں نہ صرف دشواری آئے گی بلکہ ہر چیز مہنگی بھی ہوتی چلی جائے گی جس کا اثر اور خمیازہ بہرحال عازمین کو ہی بھگتنا پڑے گا۔