حیدرآباد: حج 2021 کیلئے تلنگانہ سے درخواستوں کی تعداد انتہائی کم رہی ہے۔ درخواستوں کے آن لائین ادخال کی کل 10 ڈسمبر کو آخری تاریخ ہے اور آج شام تک حج کمیٹی کو صرف 1600 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ گزشتہ سال تلنگانہ میں 12,000 سے زیادہ درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے بتایا کہ جمعرات 10 ڈسمبر آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ عازمین حج ویب سائیٹ پر راست طور پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں یا پھر حج ہاؤز نامپلی میں مفت آن لائین سرویس کاؤنٹر سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وباء کے پیش نظر سعودی حکومت نے 65 سال سے زائد عمر کے افراد پر پابندی عائد کردی ہے۔