حج فریضہ دین ، عبادت عظیم ، محبت و اطاعت حق کی دلیل ، مساوات ، اجتماعیت اور وحدت فکر و عمل کا مظہر

   

آئی ہرک کا تاریخ اسلام اجلاس مذاکرہ ’’ حج و زیارت ‘‘ ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ، پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور دیگر حضرات کے خطابات

حیدرآباد /5 اگست ( پریس نوٹ ) دین حق اسلام کے احکام خمسہ میں منفرد اہمیت کا حامل ، فرائض اساسی شامل فریضہ ’’ حج ‘‘ شرط استطاعت کے ساتھ عمر بھر میں ایک بار مسلمان مرد و عورت پر فرض عبادت ہے ۔ جن وانس کی تخلیق کا مقصد عبادت حق تعالی ہے ۔ اگرچہ کہ عبادت کا مفہوم وسیع تر ہے تاہم فرض عبادتوں کو ہر ایک کام پر تفوق و برتری اور فضیلت حاصل ہے جو فرائض کی اہمیت کی دلیل ہے ۔ عبادات ، نیکیوں اور اعمال صالحہ کے ذریعہ جہاں بندہ اپنے مقصد حیات کو پورا کرتا ہے وہیں قرب الہی کی نعمتوں اور اخروی انعامات سے سرفراز ہوجاتا ہے ۔ ہر عبادت کا اپنا منفرد اور خصوصی فیضان ہے فریضہ حج اجتماعی عبادات کا سالانہ معمول ہے جو خالص اللہ تعالی معبود حقیقی کیلئے ہے اور اس کی رضا و خوشنودی کے حصول کا بہترین وسیلہ ہے حج کی فرضیت قرآن مجید سے ثابت ہے ۔ علمائے کرام اور دانشوران گرامی نے ان خیالات کے اظہار کے ساتھ آج صبح 9 بجے ایوان تاج العرفا حیدرآباد ‘‘ واقع شرفی چمن ، قدیم سبزی منڈی اور 11.30 بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی ، مالاکنٹہ روڈ ، معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام منعقدہ 1366ویں تاریخ اسلام اجلاس کے دونوں سیشنوں میں منعقدہ سالانہ موضوعی مذاکرہ ’’ حج و زیارت‘‘ کے موقع پر اپنے خطابات و مقالے پیش کئے ۔ مذاکرہ کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک نے کی ۔ قرآن حکیم کی آیات شریفہ کی تلاوت سے مذاکرہ کا آغاز ہوا ۔ نعت شہنشاہ کونین ﷺ پیش کی گئی ۔ اہل علم اور باذوق سامعین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جوائنٹ ڈائرکٹر آئی ہرک نے مذاکرہ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ دیگر عبادات کی طرح فریضہ حج میں بھی بندہ اپنی مرضی ، پسند ناپسند ، آرام و سہولت ، مزاج و طبعیت اور ذاتی خواہشات وغیرہ سے پوری طرح دستکش ہوکر اپنے مولی تعالی سے حکم کی تعمیل ۔ اسی کی مرضی و منشاء کی تکمیل اور اسی کی رضا کے حصول کیلئے حسب فرمان ، مناسک و اعمال ، بجالاکر سعادتوں سے بہرہ مند ہوتا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں بفضل الہی گناہوں سے مبرا ہوجاتا ہے اور گمراہی کے اندھیروں سے نکل کر مستحق انعام جنت بن جاتا ہے ۔ مذاکرہ میں حصہ لیتے ہوئے مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ و معاون ڈائرکٹر آئی ہرک نے اپنے مقالہ میں بتاے کہ حاجی کا وجود ہر فکری و عملی آلودگی سے پاک و صاف ہوجاتا ہے ۔ ڈاکٹر سید محمد رضی الدین حسان حمیدی معاون ڈائرکٹر آئی ہرک و اسسٹنٹ پرورفیسر عرعر یونیورسٹی سعودی عرب نے اپنے مقابلہ میں کہا کہ حج میں آقاو غلام ، عالم و عامی سفید و سیاہ اعلی و ادنی ، عربی و عجمی راعی و رعایا اور محمود و ایاز کا فرق مٹ جاتا ہے ۔ حج کے موقع پر حجاج کرام رنگ و نسل زبان و علاقہ کے امتیاز کے بغیر ایک طرح کے پیرہن ایک مقدس میدان عرفات میں جمع ہوکر اور ایک گھر یعنی خانہ کعبہ کا طواف کرتے ہوئے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ سب اللہ کے بندے ہیں اور وہ پوری انسانیت کو برابری جمعیت ، اتحاد ، یکسوئی ، مساوات کا پیام ہی نہیں دے رہے ہوتے ہیں بلکہ عملی نمونہ پیش کرتے ہیں ۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسی رضا حمیدی نے اپنے مقالہ میں کہا کہ حجاج کرام بارگاہ الہی سے اس عبادت عظمی اور فریضہ دین کی ادائیگی کا بہترین اجر و ثواب پاتے ہیں ۔ نگران مذاکرہ ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی نے آداب زیارت روضہ اطہر کے موضوع پر اپنے خطاب میں بتایا کہ فریضہ حج کی ادائیگی سے پہلے یا بعد میں حضور رحمتہ للعلمعین ﷺ کے روضہ اطہر کی زیارت موجب سعادت و شفاعت اور دارین کی برکتوں کا باعث ہے ۔ انہوں نے حضور خاتم النبین محبوب کرد گار محمد رسول اللہ ﷺ کے روضہ اقدس کی زیارت کو ترقی درجات کے سارے وسائل میں بڑا وسیلہ بتاتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ جاتے ہوئے راستہ بھر ذکر الہی اور درود شریف میں مشغولیت باعث برکت ہے مسجد نبوی شریف میں حاضری اور یہاں زیادہ سے زیادہ نمازوں کی ادائیگی خوش مقدری کی علامت ہے زمانہ قیام میں مواجہ مقدسہ میں حاضر ہوتے رہنا عظیم سعادت ہے ۔ ہر وقت ہر جگہ آداب و احترام ملحوظ رکھیں ۔ نگاہیں نیچی رکھنا ، درود و سلام پڑھتے رہنا تقاضہ محبت و تقدیس و تعظیم ہے ۔ حضرات شیخینؓ کو ہدیہ سلام ، جنت البقیع میں آرام فرما اہل بیت اطہار و صحابہ کرام و صالحین کی زیارتیں سعادت و برکات عظمہ کے حصول کا ذریعہ ہے ۔ الحاج محمد یوسف حمیدی نے ابتداء میں خیر مقدم کیا ۔ بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں حضرت تاج العرفاء کا عرض کردہ سلام پیش کیا گیا ۔ آخر میں ذکر جہری اور دعائے سلامتی پر آئی ہرک کے 1366ویں تاریخ اسلام کے دونوں سیشنس اور سالانہ موضوعی مذاکرہ ’’ حج و زیارت ‘‘ اختتام پذیر ہوا ۔ آخر میں جناب محمد مظہر اکرام حیدی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔