حج مصارف کی دوسری قسط ادا کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع

   

5 اپریل تک رقم ادا کی جاسکتی ہے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : مرکزی حج کمیٹی نے منتخب عازمین حج کو حج مصارف کو 1,20,000/- روپئے کی دوسری قسط ادا کرنے کی آخری تاریخ چہارشنبہ 20 مارچ مقرر کی تھی تاہم اس تاریخ میں 5 اپریل تک توسیع دی گئی ہے ۔ منتخب عازمین حج اب 5 اپریل تک دوسری قسط کی رقم جمع کرسکتے ہیں ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اکاونٹ نمبر 32175020010 FEE TYPE-25 میں یا یونین بینک آف انڈیا کے اکاونٹ نمبر 318702010406009 (Haj Account) میں بینک کی کسی بھی برانچ میں جہاں کور بینکنگ کی سہولت ہو جمع کروائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جو عازمین آن لائن ادائیگی کرنا چاہیں وہ انٹرنیٹ بینکنگ ، ڈیبیٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کے لیے حج کمیٹی کی ویب سائٹ hajcommittee.gov.in پر مہیا ای پے منٹ آپشن استعمال کرسکتے ہیں ۔ عازمین بینک میں ادائیگی کے بعد بینک کی رسید کی ایک کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں اور ایک کاپی اپنے پاس محفوظ رکھیں ۔ عازمین بینک چالان پر یا ای پے منٹ کے ذریعہ ادائیگی پر اپنا ریفرنس نمبر بھی لازماً درج کریں اس طرح یہ رقم راست ان کے نام پر جمع ہوگی ۔ مزید تفصیلات کے لیے دفتر حج کمیٹی ، واقع حج ہاوز فون نمبر 040-23298793 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔ حج مصارف کی تیسری قسط کا فضائی سفر کے مصارف کا تعین ہونے کے بعد اعلان کیا جائے گا اور یہ رقم وسط مئی سے لے کر وسط جون 2019 تک ادا کرنی ہوگی ۔۔