نئی دہلی:سپریم کورٹ نے مختلف پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی جانب سے سعودی عرب جانے والے حج اور عمرہ زائرین پر گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) سے استثنیٰ کی درخواستوں کو خارج کردیا۔ جسٹس اے ایم کھانولکرکی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔جسٹس اوکا نے کہا کہ ہم نے استثنیٰ اور امتیاز دونوں کی بنیاد پر درخواستوں کو خارج کر دیا ہے۔رجسٹرڈ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعہ فراہم کردہ خدمات پر جی ایس ٹی کے نفاذ کو چیلنج کیا گیا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ملک سے باہر کی سرگرمیوں پر ٹیکس لگانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ان کی دلیل ہے کہ ہندوستان سے باہر استعمال ہونے والی اشیا پر جی ایس ٹی نہیں لگایا جا سکتا۔ٹور آپریٹرز نے دلیل دی تھی کہ جس طرح عازمین حج کو حج کمیٹی کے ذریعے کوئی سروس ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑتا، اسی طرح پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے حج کرنے والوں کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ ہونا چاہیے۔