حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر سے محمد سلیم کی ملاقات

   

تلنگانہ کیلئے اضافی کوٹہ کی نمائندگی، جمیعت القریش کانفرنس میں شرکت
حیدرآباد۔6۔ جون (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے آج ممبئی میں حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر یعقوب شیخ سے ملاقات کی اور تلنگانہ کیلئے ویٹنگ لسٹ کا اضافی کوٹہ الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے یعقوب شیخ کو یادداشت حوالے کی اور کہا کہ تلنگانہ میں فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ویٹنگ لسٹ کے عازمین کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ابھی تک 500 ویٹنگ لسٹ کی منظوری دی ہے ۔ یعقوب شیخ نے صدرنشین حج کمیٹی کو تیقن دیا کہ دیگر ریاستوں کے عازمین کی روانگی کے بعد تلنگانہ کو مزید ویٹنگ لسٹ منظور کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کی آخری فلائیٹ کے ذریعہ وہ خود سعودی عرب روانہ ہوں گے اور انتظامات کی شخصی طور پر نگرانی کریں گے ۔ یعقوب شیخ نے محمد سلیم کو بتایا کہ جاریہ سال عازمین حج کے لئے حرم سے قریبی علاقہ میں رہائشی عمارتوں کا انتظام کیا گیا ہے اور عمارتوں میں تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔ محمد سلیم نے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے کئے جارہے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا اور یعقوب شیخ کو دور تلنگانہ کی دعوت دی۔ محمد سلیم نے ممبئی میں آل انڈیا جمیعت القریش کی 80 ویں سالانہ کانفرنس میں شرکت کی ۔ محمد سلیم آل انڈیا جمیعت القریش کے قومی نائب صدر ہیں۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کی جانب سے تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں میں توسیع کی تجویز پیش کی ۔ ر