حج کمیٹی کے حجاج کرام کی 28 جولائی سے واپسی کا آغاز

   

صدرنشین محمد سلیم نے ایرپورٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا، بہتر سہولتوں کی فراہمی سے محکمہ جات کا اتفاق
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جولائی (سیاست نیوز) فریضہ حج کی تکمیل کے بعد تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج کرام کی واپسی کا 28 جولائی سے آغاز ہوگا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ہمراہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حجاج کرام کی واپسی کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ جس طرح روانگی کے وقت انٹرنیشنل ٹرمینل میں علحدہ انتظامات کئے گئے تھے، اسی طرح حجاج کرام کی واپسی کے وقت بھی علحدہ حصہ مختص کرتے ہوئے حجاج کرام کے جلد سے جلد کلیئرنس کو یقینی بنایا جائے گا۔ حجاج کرام کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ سے حیدرآباد ایرپورٹ 28 جولائی کی صبح 7.50 بجے پہنچے گا۔ اس قافلہ میں 377 حجاج کرام ہوں گے۔ قافلوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہے گا۔ 29 جولائی اور 30 جولائی کو ایک ایک قافلہ حیدرآباد واپس ہوگا جبکہ 2 اگست کو حجاج کے دو قافلے واپس ہوں گے۔ 3 ، 4 ، 5 اور 6 اگست کو ایک ایک قافلہ واپس ہوگا۔ واپسی کے موقع پر امیگریشن ، کسٹمس اور دیگر کلیئرنس جلد انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ جس طرح روانگی کے وقت حج کیمپ اور ایرپورٹ پر موثر انتظامات کئے گئے تھے ، اسی طرح قافلوںکی واپسی کے موقع پر انتظامات کئے جائیں گے۔ ٹرمینل کے دورہ کے موقع پر جی ایم آر ، سعودی ایر لائینس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ ایرپورٹ پر بیاگیج اور زم زم کے کیمپس کے لئے علحدہ جگہ مختص کی گئی ہے۔ جی ایم آر کے بھرت کامدار ، اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ ، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف کے علاوہ کسٹم ، سی آئی ایس ایف اور ایرپورٹ سیکوریٹی کے حکام موجود تھے ۔ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج کرام مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں۔ 18 جولائی سے مدینہ منورہ کو قافلوںکی روانگی کا آغاز ہوگا۔ تقریباً 10 دن تک مدینہ منورہ میں قیام کے بعد حجاج کرام کی 28 جولائی سے وطن واپسی کا آغاز ہوگا۔ ر