محمد سلیم نے ایر پورٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا، مدینہ منورہ سے 6 اگسٹ کو آخری قافلہ واپس ہوگا
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) حج 2022 کے فریضہ کی تکمیل کے بعد تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی واپسی کا کل 28 جولائی سے آغاز ہورہا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے آج شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پہنچ کر حجاج کرام کی واپسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور ایرپورٹ کے مین ٹرمنل میں حجاج کرام کیلئے کئے جارہے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جس طرح روانگی کے موقع پر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اُسی طرح واپسی کے وقت انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے حجاج کرام کو ایر پورٹ پر مِنی اسناکس اور چائے فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ محمد سلیم نے جی ایم آر کے بھرت کامدار کے علاوہ سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس، ایمیگریشن، کسٹمس اور سعودی ایر لائنس کے حکام سے بات چیت کی۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام واپسی سے قبل اگر قیام کرنا چاہیں تو حج ہاوز میں انتظام رہے گا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حجاج کرام کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ سے جمعرات کی سہ پہر 3:35 بجے حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پہنچے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا قافلہ 29 جولائی کو واپس ہوگا۔ حجاج کرام کا آخری قافلہ 6 اگسٹ کو واپس ہوگا۔ ویٹنگ لسٹ کے 65 حجاج کرام شیڈولڈ فلائیٹ سے حیدرآباد پہنچیں گے۔ ایر پورٹ پر حجاج کرام کیلئے نماز کی ادائیگی کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ حجاج کرام کو 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا جائے گا۔اسی دوران مدینہ منورہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے تمام حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جہاں ان کا 8 دن قیام رہے گا۔ انڈین حج مشن کے ذرائع کے مطابق اب تک 94 قافلوں کے ذریعہ ہندوستان کے 26319 حجاج کرام جدہ اور مدینہ منورہ سے اپنے شہروں کو واپس ہوچکے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں 18729 اور مدینہ منورہ میں 11567 حجاج کرام موجود ہیں۔ کونسل جنرل محمد شاہد عالم اور کونسل حج وائی ایس صابر حجاج کرام کی واپسی کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ر