حج کیمپ کا 18 جون سے آغاز، 20 جون سے پروازیں، ٹینٹ اور کمروں میں سہولتوں پر توجہ، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کا آج دورہ ممبئی

   

حیدرآباد۔/5جون، ( سیاست نیوز) حج کیمپ 2022 کی تیاریوں کا حج ہاوز نامپلی میں آغاز ہوچکا ہے۔ 18 جون سے کیمپ کا آغاز ہوگا جبکہ 20 جون سے عازمین حج کی خصوصی پروازیں روانہ ہوں گی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ حج ہاوز کے احاطہ میں ٹینٹ کی تنصیب اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ گرمی کے پیش نظر ٹینٹ میں ایر کنڈیشن کا انتظام کیا جائے اس کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے کاؤنٹرس کیلئے مناسب جگہ متعین کی جائے۔ انہوں نے حج ہاوز میں واقع کمروں میں صفائی کا کام فوری مکمل کرنے اور باتھ رومس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ حج کیمپ کے آغاز کے ساتھ ہی پروازوں کی تاریخ کے اعتبار سے عازمین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ توقع ہے کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے فلائیٹ الاٹمنٹ پیر تک مکمل ہوجائے گا اور عازمین کیلئے طئے کردہ بیاگیجس کی تقسیم عنقریب عمل میں آئے گی۔ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر ٹرمنل کا ایک حصہ عازمین حج کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ عازمین کی نشستوں کے علاوہ نماز گاہ کا انتظام کیا جارہا ہے۔ پروازوں کے آغاز سے قبل حج کمیٹی کے عہدیدار ایر پورٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض علاقوں کے عازمین حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے۔ اسی دوران صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کل 6 جون کو ممبئی روانہ ہورہے ہیں جہاں حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر اور دیگر عہدیداروں سے حج انتظامات پر بات چیت کریں گے۔اسی دوران حج ہاوز کے رومس میں جب پانی کے انتظامات کئے جارہے تھے تو نلوں سے انتہائی میلا پانی آنے لگا۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹانکیوں کی عدم صفائی کے سبب آلودہ پانی نلوں میں آرہا ہے۔ حکام کو فوری ٹانکیوں کی صفائی پر توجہ دینی چاہیئے۔ر