محمد سلیم، مسیح اللہ خاں نے کیمپ کا معائنہ کیا، آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیلئے خصوصی کاؤنٹر
حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) حج کیمپ 2022 کی تیاریوں کے سلسلہ میں صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب مسیح اللہ خاں اور ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی جناب بی شفیع اللہ نے آج عہدیداروں اور کنٹراکٹرس کے ہمراہ حج ہاوز کی عمارت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حج کیمپ کے موقع پر عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور ایر پورٹ روانگی سے قبل ضروری امور کی تکمیل کیلئے خصوصی کاؤنٹرس کے قیام کا جائزہ لیا۔ حج ہاوز سے متصل کھلے میدان میں ٹینٹ نصب کیا جائے گا جہاں ایر کولرس کی سہولت فراہم کرنے خاص طور پر ہدایت دی گئی ہے۔ ٹینٹ میں عازمین حج کیلئے مختلف محکمہ جات کے کاؤنٹرس رہیں گے۔ عازمین کیلئے طعام کے انتظامات کیلئے متعین کردہ مقام پر صحت و صفائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حج ہاوز میں واقع مختلف کمروں کا معائنہ کرتے ہوئے سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔ عازمین حج کے قیام کے علاوہ آر ٹی پی سی آر ٹسٹ پازیٹیو آنے پر کورنٹائن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ حج کیمپ میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کیا جائے گا اور عازمین کی روانگی سے 72 گھنٹے قبل یہ ٹسٹ کیا جائے گا۔ کیمپ سے خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین کو شمس آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ منتقل کیا جائے گا۔ صدرنشین حج کمیٹی نے دیگر افراد کے ساتھ عازمین حج کی روانگی کیلئے طئے شدہ مقام کا معائنہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ 18 جون سے کیمپ کا آغاز ہوگا جبکہ 20 جون سے خصوصی پروازوں کے ذریعہ عازمین کی روانگی شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح موثر انتظامات کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل ایر پورٹ پر عازمین کی روانگی کیلئے علحدہ مقام کا نہ صرف تعین کیا گیا بلکہ نماز گاہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ خصوصی کاؤنٹر کے قیام کے علاوہ ٹائیلٹ باتھ روم تعمیر کئے جارہے ہیں۔ کیمپ کے آغاز سے پہلے ایر پورٹ کا پھر ایک مرتبہ دورہ کیا جائے گا۔ سامان کی منتقلی کیلئے خودکار بیلٹ اور ضعیف عازمین کے پیش نظر ایرو برج سے روانگی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے ذمہ دار ٹیم ورک کی طرح کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی سے 1820 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔کیمپ کے دوران صحت و صفائی کے علاوہ برقی اور پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے کہا کہ تلنگانہ کا حج کیمپ ہر سال کی طرح ملک میں اپنی سہولتوں کے اعتبار سے مثالی ثابت ہوگا۔ ر