محمد سلیم نے آر ٹی پی سی آر ٹسٹ سنٹر کا افتتاح کیا، 20 جون سے پروازیں
حیدرآباد۔17۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ سے عازمین حج کی روانگی کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور حج ہاؤز نامپلی میں کل 18 جون کو پہلے قافلہ کی رپورٹنگ سے حج کیمپ کا عملاً آغاز ہوگا۔ عازمین حج کے قافلے 20 جون سے روانہ ہوں گے ۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے آج حج کیمپ میں عازمین حج کیلئے آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کے مرکز کا افتتاح کیا۔ کووڈ۔19 کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر عازمین حج کے لئے روانگی سے 72 گھنٹے قبل اس ٹسٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹسٹ میں نیگیٹیو رپورٹ آنے کے بعد ہی عازمین حج کی فلائیٹ کیلئے بکنگ ہوگی۔ پہلے قافلہ کے عازمین حج کے آر ٹی پی سی ٹسٹ کا آج سے حج ہاؤز میں آغاز ہوا۔ محمد سلیم نے اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ کے ہمراہ کووڈ ٹسٹ کے مرکز اور حج کیمپ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے کووڈ سے بچاؤ کے لئے آر ٹی پی سی آر ٹسٹ لازمی قرار دیا ہے۔ 20 جون کی صبح 5.55 بجے سعودی ایر لائینس کے ذریعہ پہلا قافلہ حیدرآباد سے راست جدہ کیلئے پرواز کرے گا۔ پہلے قافلہ کیلئے عازمین کل ہفتہ کی صبح 8 بجے حج کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔ کیمپ میں تمام امور کی تکمیل کی جائے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے انچارج اقبال ابراہیم مقدم نے حج کیمپ کا معائنہ کیا ۔ کیمپ میں خصوصی میڈیکل ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے جو 30 جون تک عازمین کی خدمت کریں گے ۔ حج کیمپ سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تقریباً 3000 عازمین روانہ ہوں گے ۔ سعودی ایر لائینس کی ہر پرواز میں 377 عازمین کی گنجائش رہے گی۔ محمد سلیم نے حج کیمپ میں عازمین کے قیام و طعام کے لئے موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ 23 سرکاری محکمہ جات اور اداروں کا تعاون حاصل ہے۔ عازمین کا دوسرا قافلہ 20 جون کی رات 9.35 بجے روانہ ہوگا جبکہ آخری قافلہ 30 جون کو صبح 7.35 بجے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کرے گا۔ عازمین حج کو روانگی سے 72 گھنٹے قبل آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی اطلاع دی گئی ہے۔ ر