حج 2023 ء کیلئے خصوصی حج ٹرمنل پر موثر انتظامات کو قطعیت

   

صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ ، جی ایم آر عہدیداروں نے تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد۔13۔مارچ (سیاست نیوز) حج 2023 ء کے لئے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد پر حج ٹرمنل انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم اور اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے جی ایم آر عہدیداروں کے ساتھ معائنہ کیا۔ حج 2023 ء کیلئے جی ایم آر گروپ نے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے لئے خصوصی ٹرمنل فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ گزشتہ سال مین ٹرمنل سے روانگی کی صورت میں عازمین حج کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ محمد سلیم نے جی ایم آر عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ اندرون ایک ماہ تعمیری کاموں کو مکمل کرلیا جائے جس کے تحت عازمین حج کیلئے نمازگاہ اور وضو خانوں کا انتظام ہو۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد دوبارہ معائنہ کیلئے پہنچیں گے ۔ جی ایم آر حکام نے حج ٹرمنل کے انتظامات سے واقف کرایا اور کہا کہ حج ہاؤز میں تمام ضروری امور کی تکمیل کے بعد عازمین حج جب ایرپورٹ پہنچیں گے تو انہیں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے عازمین حج کے بیاگیج اور دیگر سامان کی منتقلی کیلئے کنویئر بیلٹ لگانے کی خواہش کی تاکہ ضعیف العمر عازمین کو سامان اٹھانے کی زحمت سے بچایا جاسکے۔ حکام نے بتایا کہ ایرپورٹ پر عازمین حج کیلئے تمام تر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج ہاؤز میں عازمین حج کے تمام ضروری امور مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح حج کیمپ میں موثر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ جی ایم آر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے موقع پر بہتر سہولتوں کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر جی ایم آر کے چیف سیکوریٹی آفیسر بھرت کامدار اویناش سریواستو اسسٹنٹ کمشنر پولیس سی آئی ایس ایف، جے پی دتا ، سمیت کپور آپریشن مینجر ، مورتی ریمپ آپریشن انچارج ، گوپال جنرل مینجر ، راکیش مینجر جی ایم آر اور دوسرے موجود تھے۔ر