3 ماہ سے فی کس 50 ہزار روپئے کی واپسی کا انتظار، مرکزی حج کمیٹی کے رویہ پر حجاج کرام کی ناراضگی
حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حج 2024 میں مکہ مکرمہ کی حیدرآباد کی نظام رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام رہائشی اخراجات کی رقم سے ابھی تک محروم ہیں۔ رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام کو رہائشی اخراجات میں سے فی کس 50 ہزار 700 روپئے واپس کئے جانے ہیں لیکن حجاج کرام کی واپسی کے تین ماہ گذرنے کے باوجود آج تک یہ رقم واپس نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں حجاج کرام حج کمیٹی کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ واضح رہے کہ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے حج 2024 میں سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 543 حجاج کرام کیلئے رباط میں قیام کی تصریح حاصل کی تھی۔ ایام حج کے دوران رباط میں معقول انتظامات کئے گئے اور حج کمیٹی آف انڈیا کے معاہدہ کے مطابق رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام کو رہائش کے اخراجات کے طور پر حاصل کی گئی رقم واپس کی جاتی ہے۔ یہ روایت گذشتہ کئی برسوں سے قائم ہے اور حجاج کرام کی سعودی عرب سے واپسی کے فوری بعد رقم ان کے اکاؤنٹ میں جمع کردی جاتی ہے۔ گذشتہ سال کے مجموعی مصارف کے اعتبار سے فی حاجی 50700 روپئے کا تعین کیا گیا جو واپسی کے بعد ادا کئے جاتے تھے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی واپسی جولائی کے پہلے ہفتہ میں مکمل ہوگئی اور تین ماہ گذرنے کے باوجود ابھی تک رقم کی واپسی کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کے عہدیدار اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا سے رجوع ہونے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے عہدیدار اس سلسلہ میں مرکزی وزارت اقلیتی امور کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ حجاج کرام کو شکایت ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا ملک بھر سے حاصل ہونے والی بھاری رقم کو کسی ایک مخصوص بینک میں محدود مدت کیلئے ڈپازٹ کرتے ہوئے سود کی شکل میں منافع حاصل کررہی ہے لہذا حجاج کرام کو رقم کی واپسی میں دلچسپی نہیں ہے۔ کئی ضعیف العمر حجاج کرام نے شکایت کی ہے کہ ان کی طبی ضروریات کا حوالہ دینے کے باوجود حکام رقم کی اجرائی میں تاخیر کررہے ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے سابق ریاست حیدرآباد میں تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے 45 اضلاع کے 13959 درخواست گذاروں میں سے قرعہ اندازی کے ذریعہ 543 کا انتخاب کیا تھا۔ تینوں ریاستوں کے رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام نے ریاستی اور مرکزی حج کمیٹیوں کے رویہ پر ناراضگی جتائی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حج 2025 کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور حج کمیٹی آف انڈیا نے قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کے انتخاب کا مرحلہ بھی مکمل کرلیا۔ منتخب عازمین سفری اخراجات کی پہلی قسط کی ادائیگی میں مصروف ہیں لیکن گذشتہ سال رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام کی رقم واپس نہیں کی گئی۔1