حشیش کا تیل اور چرس کا کاروبار کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

7 افراد گرفتار، دو افراد مفرور، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : /10 ڈسمبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں حشیش کا تیل اور چرس کا کاروبار کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے منشیات برآمد کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹولی کا سرغنہ 26 سالہ سید مظفر علی ساکن سات گنبد گولکنڈہ ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں ابوبکر بن عبدالعزیز ، محمد قاسم ، سید علی مرتضی حسین ، مبشر خان ، نتن گوڑ اور ٹی پونم کماری کور کی مدد سے یہ کاروبار چلارہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مظفر علی ابتداء سے منشیات کا عادی ہے اور اپنے دوست ابوبکر کے ہمراہ نشہ کیا کرتا تھا ۔ دونوں نے آسانی سے روپئے کمانے کیلئے ایک اور دوست محمد قاسم کی مدد سے منشیات کا کاروبار شروع کیا اور حشیش کا تیل اور چرس حاصل کرتے ہوئے یہ کاروبار چلارہے تھے ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 7 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر دو افراد ذیشان نوید اور سید انوراللہ حسینی قادری مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 2 لاکھ 28 ہزار مالیتی منشیات برآمد کرلیا ۔