حضرت اسحق علیہ السلام

   

پیارے بچو! انبیائے کرام علیھم السلام کے تذکروں میں اب سیدنا اسحق علیہ السلام کا ذکر پیش ہے ۔ اللہ نے فرشتوں کے ذریعہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو خوشخبری دی کہ پہلی بیوی بی بی سارہؓ کوایک لڑکا ہوگا اور اس لڑکے کا نام ’’اسحق‘‘ رکھنا۔ اُس وقت حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عمر تقریباً 100 سال اور بی بی سارہ ؓ کی عمر لگ بھگ 90 سال تھی۔ حضرت اسحق علیہ السلام اپنے بڑے بھائی حضرت اسمٰعیل علیہ السلام سے عمر میں 13 سال چھوٹے تھے۔ والد حضرت ابراہیم ؑؑنے آپؑ کی پیدائش کے 8 ویں دن اُن کی ختنہ کروادی۔ اللہ کی خوشخبری میں یہ بھی ذکر ہے کہ آپؑ بہت علم والے ہوں گے۔ حضرت اسحقؑ کے نکاح کا ذکر تورات میں ہے کہ حضرت ا براہیم ؑ نے اپنے بھتیجے ’’بتوئل بن ناحور‘‘ کی بیٹی رفقہؓ سے حضرت اسحق کی شادی کردی۔ یہ لوگ شہر ’’فدان آرام‘‘ میں رہتے تھے۔ حضرت رفقہ ؓ کے بھائی کا نام لاہان تھا۔ بی بی رفقہ ؓ سے آپؑ کو دو لڑکے عیسو اور یعقوبؑ پیدا ہوئے۔ یہ دونوں جڑواں بھائی تھے۔