حضرت بابا شرف الدین سہروردی عراقی ؒ کی عرس تقاریب کا آج آغاز

   

حیدرآباد۔/8 مارچ، ( راست ) قطب الاقطاب شہنشاہِ دکن سلطان العارفین حضرت سیدنا بابا شرف الدین سہروردی عراقی ؒ واقع پہاڑی شریف کے عرس شریف کا 16 تا 22 شعبان انعقاد عمل میں آئے گا۔ 16 شعبان کو 12 بجے شب بارگاہ عالیہ کو غسل صندل شریف سے آغاز ہوگا۔ الحاج پیر زادہ سید فرید الدین سہروردی ، پیر زادہ سید اقبال حسین سہروردی ، پیر زادہ سید نصیر پاشاہ سہروردی، حافظ و قاری سید محی الدین، پیر زادہ سید سلیم علی سہروردی ، پیر زادہ سید اشرف علی سہروردی، پیر زادہ سید عمران الدین سہروردی، پیرزادہ سید معین پاشاہ سہروردی، پر زادہ سید علیم الدین جہانگیر پاشاہ سہروردی غسل شریف کی رسم ادا کریں گے۔ بعد غسل شریف قصیدہ بردہ شریف حضرت قاری حبیب عمر الکاف کی جماعت کا ہوگا۔ اسی شب موضع بالا پور میں 12 بجے شب جلوس صندل مبارک برآمد ہوگا۔19 شعبان کو پنجہ شاہ ولایت نظامس ٹرسٹ کی جانب سے بعد نماز عشاء قدیم جلوس صندل مبارک نکل کر چارمینار چھلہ مبارک حضرت بابا علیہ الرحمہ پر توقف کرے گا۔ وہاں سے چندرائن گٹہ، پہاڑی شریف قبل نماز فجر پہنچے گا۔ بعد ادائی نماز فجر جلوس صندل مبارک 20 شعبان کی صبح بارگاہ عالیہ پہنچے گا۔20 شعبان کی شب محفل چراغاں آستانہ عالیہ میں روشن کئے جائیں گے۔ 22 شعبان محفل قل بروز چہارشنبہ بعد نماز فجر تلاوت قرآن خوانی قصیدہ بردہ شریف ہوگا اور 11 بجے دن غسل شریف ( یعنی قل کی محفل ) کی رسم انجام دی جائے گی۔