حضرت شیخ اکبر ابن عربیؒ امام الصوفیاء تھے

   

مسجد کریم اللہ شاہ ؒمیں مولانا غوثوی شاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔15 نومبر (راست) جناب مجاہد علی کی قراء ت سے جلسہ کا آغاز بمسجد کریم اللہ شاہ ؒ،بیگم بازار 14نومبر بروزمنگل بعد نمازعشاء عمل میں آیا جس میں کثرت سے لوگوں نے شرکت کی ۔ مولانا عبد الرفیق جنید ی شاہ،مولوی کریم پاشاہ مولانا روشن شاہ نے حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؒ اور حضرت مچھلی والے شاہ ؒ کی اسلامی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مصر وعرب ،دمشق وشام ،ہند وپاک کے علاوہ کئی ممالک اسلامیہ جیسے بیروت وغیرہ میں حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؓ کو امام الصوفیا اور امام الموحدین کے نام سے آج بھی یاد کیا جاتا ہے اور اُنکی تصانیف آج بھی بیروت ومصر اور اندلس میں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ ان کی تعلیمات اور وحدۃ الوجود کا نظریہ قرآن وحدیث کے عین مطابق ہے حضرت شیخ اکبر ؒ کا ہر عمل شریعت کے عین مطابق تھا۔ اسی طرح حضرت مچھلی والے شاہ ؒ کی ذاتِ بابرکت تھی جنکے معتقدین میں بڑے بڑے علماء و مشائخ اور کئی نامور امرا تھے ۔ اعلیٰ حضرت مولانا پیر غوثی شاہؒؔ حضرت مچھلی والے شاہؒ ؔ کے خلیفہ وجانشین تھے۔مولانا غوثوی شاہ ؔنے کہا کہ جس طرح قرآن میں انبیاءؐ کے تذکروں سے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے اسی طرح حدیث نبویؐ کی روشنی میں بزرگانِ دین کی یاد منانے سے ان کے تذکروں سے ایمانی وروحانی قوت میں اضافہ ہوتا ہے ۔بقول حضرت امام سبکی ؒ تصوف کی دنیا میں حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؒ آیت مِنْ آیاتِ اللہ تھے‘اُنکے ماننے والوں میں حضرت اِمام نوویؒ حضرت امام سُبکی ؒ حضرت جلال الدین سیوطیؒ مولانا روم ؒعلامہ ابن کثیرؒ اور حضرت مجددِّالف ثانی ؒ قابلِ ذکرہیں۔ حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؒکی 400 کتابوں میں فتوحاتِ مکّیہ اور فُصوصؔ الحکم عالم اسلام میں مقبول خاص وعام ہے ۔اعلیٰ حضرت پیر غوثی شاہ ؒ اُنکے معنوی خلیفہ وجانشین تھے سلسلہ اُویسیہ آپ ہی سے منسوب ہے مولانا نے عوام النّاس سے حضرت شیخ اکبر ؒ اور حضرت مچھلی والے شاہ ؒ کی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہونے اور نماز روزہ کی پابندی کی تلقین کی اور غیر شرعی رسم و رواج سے اجتناب کا مشورہ دیا ۔ شاہد پیراں ،خالد پاشاہ، فاتح شاہؔ اور الحاج اکرام شاہؔ نے شکریہ اداکیا اور سلام بہ خیر الانامؐ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔