حضرت مولانا سید محمد حمید الدین شرفی کا سانحہ ارتحال

   

حیدرآباد۔/10 مارچ، ( پریس نوٹ ) یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ شہزادہ ٔ امام علی موسیٰ رضا پیر طریقت ڈاکٹر سید محمد حمید الدین حسینی رضوی قادری شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاء کا آج صبح کی اولین ساعتوں میں انتقال ہوگیا۔ آپ سادات حسینی حضرت سید محمد شرف الدین حسینی رضوی قادری المعروف بہ شاہ شرفی ؒ کے پڑ پوترے ، حضرت سید محمد غوث محی الدین حسینی رضوی قادری شرفی ؒ کے پوترے اور حضرت تاج العرفاء سید محمد سیف الدین حسینی رضوی قادری شرفی ؒ کے فرزند و جانشین تھے۔ آپ کا سلسلہ نسب امام علی موسیٰ رضاؑ سے ہوتا ہوا مولائے کائنات علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہہ و علیہ السلام تک پہنچتا ہے۔ آپ خدا ترسی ، حب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، عبادت و ریاضت، تقویٰ و پرہیز گاری، پابندی شریعت ، پیرویٔ سنت ، خلق و مروت، تاثیر زبان، مخلوق خدا کی دن رات بے لوث دلدہی و خدمت اور خیر خواہی کے لئے بے حد مقبول تھے۔ آپ پچھلے 50 سال سے اپنی تحریر اور تقریر کے ذریعہ غلامان حبیب کبریا صلی اللہ علیہ وسلم کے دلوں میں حب رسول ؐ کی شمع روشن کئے ہوئے تھے۔ آپ کی عمر 72 سال تھی۔ پسماندگان میں فرزند اکبر پروفیسر سید محمد حسیب الدین حسینی رضوی حمیدی ، فرزند دوم سید محمد سیف الدین حسینی رضوی حاکم حمیدی ، فرزند سوم ڈاکٹر سید محمد رضی الدین حسینی رضوی حسان حمیدی کے علاوہ 5 صاحبزادیاں ہیں۔ تدفین درگاہ شرفی چمن میں بعد نماز عشاء 9 بجے شب عمل میں آئی۔