حضرت پیر صحوی ؔشاہ ؒ کی تعلیمات مشعل راہ

   

مسجدِکریم اللہ شاہؒ میں مولاناغوثوی شاہ کا خطاب
حیدرآباد۔ 2 جنوری (راست) مولاناغوثوی شاہ کی نگرانی میں یکم جنوری 2024ء بروز پیر بمسجدِکریم اللہ شاہ ؒبیگم بازار میں جلسہ بیاد وصال حضرت پیر صحوی شاہ ؒعمل میں آیا ۔ مولوی قاری مجاہد علی کی قرات کے بعد جناب سیّد محبوب جناب جمیل شاہ نے نعتیہ کلام پڑھا ۔ مولانا خواجہ عظیم الدین روشنؔ شاہ اور مولانا جنیدیؔ شاہ نے کہا کہ بزرگانِ دین کی خانقا ہیں اِسلامی تربیت گاہ ہیں خصوصاً حضرت پیر صحوی ؔ شاہ صاحب ؒ کی خانقاہ بیت النور قرآن و حدیث کی تعلیمات کا مرکز ہے ۔ مفسر قرآن مولانا پیرصحوی شاہ صاحب قبلہؒ کی قرآنی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ کی خوب توصیف بیان کی اور کہا کہ حضرت صحوی شاہ صاحب ؒ حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؓ کی تعلیمات کے وارث ہیں اور آپ کی کتابیں عالم اِسلام کے لئے مشعل راہ ہیں۔مولاناغوثوی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والد ِ محترم حضرت پیر صحوی شاہ صاحب ؒ کی ساری زندگی عشق خدا اور رسولؐ کے ساتھ اِشاعت کلمہء طیبہ اور اِشاعتِِ توحید میں گزری ۔ آپ کا ہر لمحہ حیات اللہ اور اُس کے رسولؐ کے لئے وقف تھا ۔ آپ کی تفسیر ’’کتاب مبین‘‘ کی توصیف بیان کرنے والوں میںکئی علماء مشائخ کے علاوہ مولانا عبد الماجد دریابادی ؒ ، مولانا عبدالصمد صارم الازہری ؒ اور محدِّث دکن حضرت سیّد عبد اللہ شاہ ؒ قابل ِ ذکر ہیں ۔ ایک مسلمان کے لئے شریعت و طریقت دونوں لازم و ملزوم ہیںاہل شریعت کواہلِ طریقت سے علم لدنی سیکھنا چاہیے ۔ جناب شاہدپیراں جناب خالد پاشاہ ،جناب فاتح شاہ اورجناب اِکرام شاہ نے حاضرین جلسہ کا شکر ادا کیا ۔ ممبئی، مدراس، بلہاری، مچھلی پٹنم اور دوسرے مقامات سے کئی عقیدتمندوں نے شرکت کی۔