حضرت ڈاکٹر حمید الدین شرفی ؒ کے انتقال پر جناب محمد الطاف محی الدین ایڈوکیٹ کا اظہار تعزیت

   

حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( راست ) : ممتاز قانون داں جناب محمد الطاف محی الدین ایڈوکیٹ صدر تلنگانہ لائیرس اسوسی ایشن فار پیس اینڈ جسٹس نبیرہ شہزادہ شہید کربلا حضرت امام حسین ؓ حضرت ڈاکٹر سید شاہ حمید الدین شرفی صاحب قبلہؒ سجادہ نشین حضرت تاج العرفاء و ڈائرکٹر آئی ہرک کے سانحہ ارتحال پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ حضرت قبلہ خدا ترسی ، حب رسول ﷺ و اہل بیت اطہار اجمعین کے علاوہ عبادت و ریاضت ، خلق و مروت ، مخلوق خدا کی دن رات خدمت اور بے مثال خطابت کی وجہ سے حیدرآباد ہی نہیں بلکہ پورے جنوبی ہند میں بے حد معروف و مقبول تھے ۔ جناب الطاف محی الدین ایڈوکیٹ نے مزید بتایا کہ اولیاء علماء فقہاء اور نیک حضرات کی موت زمین کی بربادی ہے اسی وجہ سے زمین کے وہ تمام حصے جن پر یہ عبادت خدا کرتے تھے ان کے دنیا سے رحلت کرجانے پر چالیس دن تک روتے ہیں ۔ اسی طرح آسمان کے وہ کل دروازے جن سے ان کے کیے نیک اعمال چڑھتے تھے اور جن سے ان کی روزیاں اترتی تھیں ان پر روتے ہیں ۔ میری دانش میں یہی حال ولی کامل حضرت قبلہؒ کے انتقال پر ملال پر شہر حیدرآباد کا تھا ۔ اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ حضرت قبلہؒ کی روح کو شادماں کرتے ہوئے کتاب علیین میں لکھنے کا حکم فرمادے آمین ۔ ثمہ آمین ۔ یارب العالمین ۔۔
دارالقضاء جامعۃ المؤمنات کا آج اجلاس
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( راست ) : دارالقضاء جامعتہ المومنات کا اجلاس بروز منگل 5 تا 8 بجے شام مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات کی نگرانی میں مقرر ہے۔عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے جامعۃ المؤمنات کی شرعی عدالت سے رجوع ہوں۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( راست ) : حضرت صوفی شیخ محمد شریف الحق شاہ چشتی القادریؒ کا عرس شریف 16 مارچ کو بی بی کا چشمہ میں منعقد ہوگا ۔ حضرت حکیم صوفی شیخ ایوب شاہ عالم چشتی القادری سرپرستی کریں گے ۔ مولانا شیخ محبوب شاہ عالم چشتی القادری کی صدارت ہوگی ۔ مولانا حافظ و قاری شیخ محمود شاہ عالم سالک القادری نگرانی کریں گے ۔ حضرت سید شاہ مظہر عالم حسینی قادری و حضرت سید شاہ مجتبیٰ عالم حسینی قادری وکیل مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ بعد نماز عصر کاشانہ حق واقع وٹے پلی میں محفل قصیدہ بردہ شریف کے ساتھ ہی صندل مالی کی تیاری کی جائے گی بعد نماز مغرب مکان سے صندل نکالا جائے گا اور بارگاہ حضرت شریف الحق ؒ ، بی بی کا چشمہ پر پیش کیا جائے گا ۔ بعد نماز عشاء بارگاہ پر جلسہ سیرت اولیاءؒ منعقد ہوگا ۔ بعد ازاں رات 9-30 بجے سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔۔