حضوراکرمؐ کے کردار کے اعلیٰ نمونے کو برادران وطن میں پیش کرنے پر زور

   

مرکزی سیرت کمیٹی کا جلسہ رحمتہ اللعلمینؐ، مولانا عبیداللہ خان اعظمی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 نومبر (راست) عرب کی سنگلاخ سرزمین پر اپنے لطف و کرم فضل عظیم نے برگزیدہ رسول کو سرفراز فرمایا جس کیلئے کائنات وجود میں آئی۔ آپؐ تشریف لائے تو وحدانیت اور خود آپ کا تعارف بھی پیش کیا اور کہا کہ مجھے خاتم النبینؐ بنا کر مبعوث کیا گیا ہے۔ آپؐ کی آمد دراصل حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی دعاؤں کا ثمر ہے۔ آپؐ کی نبوت تمام انبیاء علیہ السلام میں مشترکہ ہے یعنی آپؐ کی نعمت کا کوئی ثانی نہیں کہ نبوت کے سلسلہ کو ختم کرتے ہوئے رب العزت نے ہر نبوت کو آپ کی پشت پر مثبت کردیا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبیداللہ خان اعظمی (اترپردیش) سابق رکن پارلیمنٹ نے محمدی لین، سکنڈ لانسر، جلسہ رحمت اللعلمینؐ سے کیا۔ موسم کے سرد ہونے کے باوجود شمع محمدیؐ کے پروانوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ قاری محمد محبوب قادری و قاری سید نور محمد شاہ قادری کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ محمد غوث قادری (ایم پی جے) صدر مرکزی سیرت کمیٹی نے نگرانی کی جبکہ مولانا سید درویش محی الدین قادری المعروف مرتضیٰ پاشاہ نے سرپرستی کی۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری ناظم اعلیٰ مدرسہ رحمت العلوم گولکنڈہ نے کہا کہ آپؐ کو وجہ تخلیق کائنات قرار دیتے ہوئے مرکز نبوت پر فائز کیا گیا۔ آج ضرورت اس بات کی ہیکہ آپ کے اخلاق و کردار کو تیزی سے عام کیا جائے تاکہ ایک اسلامی معاشرہ وجود میں آسکے۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ نے مکہ و مدینہ کی سرزمین پر جس کردار کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا اس کو آج برادران وطن میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ معاملات کو اسلامی طور پر حل کرنے کی کوشش کریں۔ فروعی اختلافات سے دور رہیں۔ کلمہ کی بنیاد پر ایک ہوں اس لئے کہ ہر ذی نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔ جناب محمد غوث قادری صدر سیرت کمیٹی نے کہا کہ آئندہ سال سیرت کمیٹی کے زیراہتمام 50 واں عظیم الشان جلسہ رحمت اللعلمینؐ منایا جائے گا اور گولڈن جوبلی تقریب منعقد ہوگی۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعز شرفی، مولانا قاری مرزا جعفر بیگ صادق رضوی، مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مستان علی اور مولانا سید اولیاء حسینی اور دیگر علماء کرام نے سروکائناتؐ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ راشد عبدالرزاق میمن، مرزا عارف اللہ بیگ قادری اور دیگر نے نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ مولانا قاری محمد عبدالعزیز قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔