حضور آباد میں ٹی آر ایس اور بی جے پی میں اصل مقابلہ

   

کانگریس کی ضمانت ضبط ہوگی، ہریش راؤ کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز

حیدرآباد ۔ 11 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ حضورآباد کے ضمنی انتخابات میں اصل مقابلہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان ہوگا۔ کانگریس کی ضمانت ضبط ہوگی۔ ٹی آر ایس کا امیدوار جی سرینواس یادو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ آج ہریش راؤ نے ایلندوکنٹہ میں انعقاد کردہ اشیرواد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں ٹی آر ایس قائدین کا کارکنوں کی جاب سے ہریش راؤ کا شاندار خیرمقدم کیا۔ ہریش راؤ نے بائیک ریالی میں شرکت کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کا جوش و خروش بڑھایا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ایٹالہ راجندر کو اسمبلی حلقہ حضورآباد سے چھ مرتبہ کامیاب بنایا لیکن بحیثیت وزیر ایک گھر تعمیر کرنے میں بھی ایٹالہ راجندر ناکام ہوگئے۔ یہاں تک کہ ان کے اڈاپ کردہ (گود) لئے ہوئے گاؤں سری ٹیدو میں بھی کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے گئے۔ مستقبل میں ان سے کوئی امیدیں نہیں رکھی جاسکتی۔ ریاست میں ٹی آر ایس کی حکومت ہے آئندہ دیڑھ سال تک ٹی آر ایس اقتدار میں رہے گی۔ لہذا ایٹالہ راجندر کو ووٹ دینا ووٹ کو ضائع کرنے کے مترادف ہوگا۔ لہذا عوام ٹی آر ایس کے امیدوار جی سرینواس یادو کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں اور اپنے حلقہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دیں۔ ریتو بندھو اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپے کی نقد رقم حاصل کرنے والے ایٹالہ راجندر اس اسکیم کی مخالفت کررہے ہیں۔ ایٹالہ راجندر امکانی شکست سے خوفزدہ ہے اور چیف منسٹر و تلنگانہ حکومت کے خلاف جھوٹے بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔ جو غریب عوام پر اضافی مالی بوجھ ہے۔ ایٹالہ راجندر نے اپنی ماں جیسی ٹی آر ایس پارٹی کو دھوکہ دیا ہے جنہیں سبق سکھانا ضروری ہوگیا۔ ٹی آر ایس حکومت کی ترقی اور فلاحی اسکیمات عوام کے سامنے ہے۔ وزیر فینانس نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ سے سب سے پہلے اسمبلی حلقہ حضورآباد کے عوام کو فائدہ پہنچا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کی کامیابی سے حلقہ اسمبلی حضور آباد کی ترقی ہوگی۔ بی جے پی کی کامیابی سے ایٹالہ راجندر کو فائدہ ہوگا۔ حلقہ کے عوام سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں کہ وہ کسی کی ترقی چاہتے ہیں۔ ریاستی وزیر فینانس نے کہا کہ اسمبلی حلقہ حضورآباد میں مہیلا بھون کی تعمیر کے لئے 4 کروڑ روپے خرچ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہر گاؤں میں ایک مہیلا بھون تعمیر کرنے کا وعدہ کیا۔ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت و معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ 57 سال مکمل کرنے والوں کو عنقریب وظیفہ منظور کیا جائے گا۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے لئے 4 ہزار ڈبل بیڈروم مکانات منظور ہوئے تھے لیکن ایٹالہ راجندر نے اس کو نظرانداز کردیا۔ لیکن چیف منسٹر چار ہزار ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کروائیں گے۔