حلال مصدقہ مصنوعات پر پابندی ، یوپی فوڈ سیفٹی حکام کا لکھنؤ مال پر دھاوا

   

لکھنؤ:فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ٹیم نے پیر کو اتر پردیش کے سہارا مال پر چھاپہ مارا جو ریاستی حکومت کی جانب سے غیر مستند حلال مصدقہ مصنوعات کے خلاف تازہ ترین کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ٹیم نے مال میں فروخت ہونے والی مختلف قسم کی حلال مصدقہ مصنوعات کی جانچ کی جس میں کولڈ ڈرنکس، گوشت اور خشک میوہ جات شامل ہیں۔اس کے بعد ایف ایس ڈی اے نے آٹھ کمپنیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔یہ اس وقت سامنے آیا جب اتر پردیش حکومت نے ہفتہ کو ریاست میں حلال سرٹیفیکیشن کے ساتھ خوراک، ادویات اور کاسمیٹک اشیاء کی تیاری، ذخیرہ، تقسیم اور فروخت پر فوری اثر سے پابندی عائد کردی۔ حکام نے بتایا کہ یہ پابندی صحت عامہ کے مفاد میں اور کنفیوژن کو روکنے کے لیے لگائی گئی ہے۔اتر پردیش کے فوڈ کمشنر کے حکم میں کہا گیا ہے کہ صحت عامہ کے مفاد میں، حلال مصدقہ خوردنی اشیاء کی تیاری، ذخیرہ، تقسیم اور فروخت پر اتر پردیش میں فوری اثر کے ساتھ پابندی عائد ہے۔حکومت نے پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔ تاہم برآمد کیلئے تیار کردہ حلال سرٹیفیکیشن والی اشیا پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔یہ پابندی اتر پردیش پولیس کی جانب سے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے ‘حلال مصدقہ’ مصنوعات فروخت کرنے کیلئے متعدد فرموں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے بعد لگائی گئی۔