حلقہ لوک سبھا میدک پر بی آر ایس کا دوبارہ قبضہ یقینی

   

سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب

میدک ۔ 26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر رکن اسمبلی سدی پیٹ ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی ایک ناکام اور موقع پرست چیف منسٹر ثابت ہوچکے ہیں۔ 6 گیارنٹیز پر عمل آوری میں ناکامی پر کانگریس کو تلنگانہ میں منعقد ہونے والے پارلیمانی چناؤ میں شکست یقینی ہے۔ اس طرح میدک لوک سبھا پر بھی بی آر ایس اپنا قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگی۔ پارٹی امیدوار وینکٹ رام ریڈی کی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی ہوگی۔ میدک قلعہ پر گلابی جھنڈا لہرائے گا۔ ٹی ہریش راؤ میدک کے رام داس سرکل پر پارٹی امیدوار وینکٹ رام ریڈی کی انتخابی ریالی کے بعد انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ٹاؤن کے دھیان چند ایکس وے سے رام داس ایکس وے تک ایک بھاری ریالی کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس بھاری ریالی کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ اصل مقابلہ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان ہے کیونکہ دو دن قبل کانگریس کی انتخابی ریالی میں بھی عوام کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔ اس پروگرام کی صدارت صدر ضلع بی آر ایس سابق ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے کی۔ رکن اسمبلی دوباک سابق ایم پی میدک کے پربھاکر ریڈی نے انتخابی کارنر میٹنگ کی کارروائی چلائی۔ ہریش راؤ نے ریاستی وزیر اعلیٰ کو چیالنج کیا کہ وہ اپنا استعفی بحیثیت رکن اسمبلی پیش کردیں گے۔ اگر ریونت ریڈی 15 اگست سے قبل کسانوں کے قرض اپنے وعدے کے مطابق معاف کرتے میں تو اگر وہ ناکام ہوگئے تو انہیں سی ایم کی کرسی سے علیحدہ ہونا ہوگا۔ ہریش راؤ نے مرکزی سرکار کو بھی اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا کے امیدوار رگھونندن راؤ کی شکست یقینی ہے۔ اس پروگرام میں ایم ایل سی سبھاش ریڈی، ایم ایل سی یادو ریڈی، ایم دیویندر ریڈی، ہیمالتا گوڑ، ملکارجن گوڑ، ایم ایل اے نرساپور سنتا لکشما ریڈی، ایم ایل اے سنتا ریڈی، چنتا پربھاکر، امیدوار میدک لوک سبھا وینکٹ رام ریڈی، وی پرتاپ ریڈی، محمد فاضل، خواجہ سہیل محی الدین، محمد فاروق، نعمان فاروق، زبیر مہتاب، میر اصغر علی، آر کے سرینواس، جئے راج، کرشنا ریڈی کے علاوہ بی آر ایس کارکنوں کی بھاری تعداد اور عوام کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ بعد ازاں امیدوار بی آر ایس پارٹی وینکٹ رام ریڈی نے ہریش راؤ کے ہمراہ اپنے پرچہ نامزدگی ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر میدک راہول راج کے اجلاس میں پیش کیا۔