حماس سے یرغمالیوں کی فوریرہائی کیلئے 18 ممالک کا مطالبہ

   

بیونس آئرس: جمعرات کو 18 ممالک کے گروپ نے حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے بعد سے یرغمال بنائے گئے افراد کو فوری طور پر رہا کرے اور جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کرے۔رکن ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ ہم اپنے لوگوں کو گھر لانے کیلئے ثالثی کی جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ہم حماس سے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں کہ یرغمالیوں کو رہا کرے اور ہمیں اس بحران کو ختم کرنے دے تاکہ اجتماعی طور پر ہم خطے میں امن و استحکام لانے کیلئے اپنی کوششوں پر توجہ مرکوز کر سکیں۔ بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے کہا کہ اسی طرح کا بیان جاری کرنے پر معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں پہلے ناکام ہوگئی تھیں۔
لیکن اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ جمعرات کا بیان “دنیا بھر کے کئی رہنماؤں کی طرف سے اتفاق رائے کا ایک غیر معمولی مظاہرہ تھا۔ اس بیان پر دستخط کرنے والے ممالک میں ارجنٹینا، آسٹریا، برازیل، بلغاریہ، کینیڈا، کولمبیا، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، ہنگری، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، سربیا، اسپین، تھائی لینڈ، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔