حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے آبگیر علاقوں پر حکومت سے رپورٹ طلب

   

خانگی کمپنیوں کی درخواست پر تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات

حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ رنگاریڈی ضلع کے وٹی ناگولہ پلی علاقہ کے بارے میں اندرون دو یوم وضاحتی رپورٹ داخل کرے۔ حکومت سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ وٹی ناگولہ پلی آیا جی او 111 کے تحت آتا ہے یا نہیں۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل جے رامچندر راؤ کو ہدایت دی کہ وٹی ناگولہ پلی علاقہ میں غیر آبگیر علاقوں کے بارے میں زبانی وضاحت کے بجائے حکومت حلفنامہ داخل کرے اور موقف کی وضاحت کرے۔ عدالت نے کہا کہ حلفنامہ کی صورت میں ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے میں سہولت ہوگی۔ عہدیداروں کی جانب سے تعمیری اجازت کی درخواستوں کو مسترد کرنے پر مقامی افراد نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ر
بعض خانگی کمپنیوں نے درخواستیں داخل کی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے تازہ احکامات جی او 69 کے تحت علاقہ کا شمار ہوتا ہے اور ان کی اراضی عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے آبگیر علاقہ سے باہر ہے۔ درخواست گذاروں نے جی او 111 سے استثنیٰ کا دعویٰ کیا۔ ہائی کورٹ نے اس بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت کو آئندہ کیلئے ملتوی کردیا۔ر