حوثی باغیوں کی بحیرہ احمر میں موجود امریکی جنگی جہازوں پر حملے کی دھمکی

   

صنعا:یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیلی مدد کیلئے بحیرہ احمر میں آنے والے امریکی جنگی جہازوں پر حملے کرنے کی دھمکی دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کے سربراہ عبدالمالک الحوثی نے امریکہ ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ایران کے حمایت یافتہ گروپ کو نشانہ بنایا گیا تو بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہازوں پر حملے کریں گے، امریکہ کو افغانستان اور ویتنام میں جو کچھ برداشت کرنا پڑا اب اس سے بھی زیادہ سخت حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔عبدالمالک الحوثی نے مزید کہا کہ امریکیوں کو ہمارے خلاف جنگ چھیڑنے کی حماقت کی ترغیب دی گئی تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ حملہ ہوا تو ہم بھی امریکی جنگی جہازوں، مفادات اور نیوی گیشن کو اپنے میزائلوں، ڈرونز اور فوجی کارروائیوں کا ہدف بنائیں گے۔