حکومت پر رافیل سودے کے سلسلہ میں گمراہ کرنے کا پی چدمبرم کا الزام ، بی جے پی کی جوابی الزام تراشی

   

نئی دہلی 18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ کیا ہے ۔ جب ملک کو 126 رافیل طیاروں کی ضرورت تھی اس نے صرف 36 طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے یہ ریمارکس اس تناظر میں کئے کہ ایک تازہ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے 126 رافیل طیاروں کی بجائے صرف 36 طیارے خریدنے کا فیصلہ اس لئے کیا کیونکہ اس کی قیمتوں میں 41 تا 42 فیصد اضافہ ہوگیا ہے ۔ مسٹر چدمبرم نے اپنے ٹوئیٹ میں کیا کہ حالیہ انکشافات میں یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ملک کو 126 رافیل طیاروں کی ضرورت تھی جبکہ صرف 36 خریدنے کی کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے رافیل سودے پر قوم کو گمراہ کرنے کا حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صرف مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تحقیقات سے حقیقت برسرعام آسکتی ہے۔ دریں اثناء بی جے پی نے جوابی وار کرتے ہوئے مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کو بدنام کرنے کیلئے رافیل سودے کی جھوٹی مہم چلارہی ہے۔