حکومت کسانوں کا ہر مسئلہ حل کرنے تیار:منڈا

   

نئی دہلی: زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر ارجن منڈا نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے ہر مسئلہ پر بات چیت کیلئے تیار ہے ۔ منڈا نے منگل کو یہاں کہا کہ زراعت اور کسانوں کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور اس کیلئے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں سے بات چیت جاری ہے اور حکومت ہر معاملے پر بات کرنے کو تیار ہے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ بات چیت کی ضرورت ہے ، حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پریشانی میں نہیں ڈالنا چاہئے اور کسان تنظیموں کو اس بات کو سمجھنا چاہئے ۔کل دیر رات مرکزی وزراء کے ساتھ کسان لیڈروں کی ملاقات بے نتیجہ رہی۔کسان کم سے کم سہارا قیمت کے لئے قانونی ضمانت کے علاوہ سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات کونافذ کرنے ، کسانوں اور زرعی مزدوروں کیلئے پنشن، زرعی قرض معاف کرنے ، پولیس کیس واپس لینے ، لکھیم پوری کھیری تشدد کے متاثرین کیلئے انصاف، حصول اراضی قانون 2013 کی بحالی اور گزشتہ تحریک کے دوران مارے گئے کسانوں کے لواحقین کیلئے معاوضے کا مطالبہ کررہے ہیں۔