حکومت کی کسانوں سے صرف زبانی ہمدردی :کانگریس

   

نئی دہلی ۔ 16 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کسانوں کی خودکشی کے بڑھتے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے لوک سبھا میں کانگریس نے آج کہاکہ حکومت اُن کے مسائل پر صرف زبانی ہمدردی جتارہی ہے اور اُن کو حل نہیںکررہی ہے ۔ زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کی وزارت کیلئے مطالباتِ زر پر مباحث شروع کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی (کانگریس) نے کہاکہ ملک میں تقریباً 12 ہزار کسان ہر سال خودکشی کررہے ہیں اور اس اعتبار سے اوسط روزانہ 30 خودکشی ہوتا ہے ۔ کسانوں کو اپنی زندگی ختم کرلینے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ موجودہ حکومت نے زرعی شعبہ کو معمولی ترجیح میں رکھا جس نے کسانوں کو شدید بحران میں مبتلا کردیا ۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کی اسکیم کے تعلق سے اُتم کمار نے کہاکہ 2018 ء میں معاشی سروے میں انکشاف کیا کہ اس شعبہ میں گزشتہ چار برسوں میں آمدنی جوں کی توں رہی ہے ۔ اس پس منظر میں حکومت کا 2022 ء تک کسانوں کی آمدنی دوگنا کردینے کا وعدہ نہایت کھوکھلا ہے ۔