حکومت کے ہاسپٹلس میں صرف دہلی کے عوام کا علاج

,

   

کورونا وائر س کیسز میں اضافہ پر حکومت کا فیصلہ : اروند کجریوال
نئی دہلی ۔7 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے کہا کہ کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر اب دہلی حکومت کے سرکاری اور خانگی اسپتالوں میں صرف دہلی کے عوام کا علاج کیا جائے گا جبکہ مرکزی حکومت کے اسپتال پہلے کی طرح سبھی لوگوں کے لئے کھلے رہیں گے اور یہ انتظام کورونا انفیکشن تک جاری رہے گا۔دہلی حکومت نے پیر کو کابینہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا ہے ۔ کجریوال نے بتایا کہ دہلی حکومت کے تحت آنے والے اسپتالوں اور دہلی کے خانگی اسپتالوں میں صرف دہلی کے لوگوں کا علاج ہوگا۔ وہیں مرکزی حکومت کے اسپتال جیسے ایمس،صفدرجنگ اور رام منوہر لوہیا(آر ایم ایل)میں سبھی لوگوں کا علاج ہوسکے گا،جیسا اب تک ہوتا بھی آیا ہے حالانکہ ،کچھ اسپتال جو خاص سرجری کرتے ہیں،جو کہیں اور نہیں ہوتی،ان کو کروانے کے لئے ملک بھر سے کوئی بھی دہلی آسکتا ہے ،اس پر روک نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پہلے 60 سے 70 فیصد باہر کے لوگ یہاں کے اسپتالوں میں داخل ہوتے رہے ہیں لیکن اس وقت دہلی میں مسئلہ ہے ،کورونا کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ایسی حالت میں پورے ملک کے لئے اسپتال کھول دیں تو دہلی کے لوگ کہاں جائیں گے ۔ کجریوال نے بتایا کہ پانچ ڈاکٹروں کی کمیٹی بنائی گئی تھی جنہوں نے مانا کہ فی الحال باہر کے مریضوں کو روکنا ہوگا۔ کجریوال کے مطابق،کمیٹی نے کہا ہے کہ دہلی کو جون کے آخر تک 15 ہزار کوویڈ بیڈ چاہئے ہوں گے ۔فی الحال دہلی کے پاس نو ہزار بیڈ ہیں اور اگر اسپتال سب کے لئے کھول دئے تو یہ نو ہزار تین دن میں بھر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 7.5 لاکھ لوگوں نے انہیں مشورے دیئے ،جس میں سے 90 فیصد نے کہا کہ فی الحال کورونا بحران تک دہلی کے اسپتال صرف دہلی والوں کے لئے ہونے چاہئے ۔ وزیراعلی نے کہا کہ 8 جون سے دہلی سیل بارڈر کو کھول رہی ہے ۔اس سے غازی آباد،نوئیڈا ،گروگرام اور فریدآباد کے لوگ آسانی سے دہلی آسکیں گے۔اس کے ساتھ ہی دہلی میں ریسٹورنٹ،مال اور مذہبی مقام کھولے جائیں گے ۔