حیدرآباد۔کورونا وائرس کا شبہ۔ ایک شخص کی خودکشی

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): کورونا وائرس کے خوف کے سبب ایک شخص نے ایک بلند عمارت سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ شہر کے رامنتا پور علاقہ میں پیش آیا۔ خبررساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق متوفی شخص کو کوویڈ19 کے علامات کے شبہ میں اس نے اپنے اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگادی جس کے سبب ا س کی موت واقع ہوگئی۔

متوفی کا نام واسی راجو مرتی بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 60 سال بتائی جاتی ہے۔ پولیس مقام واقعہ پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ منتقل کر کے مشتبہ موت کا ایک مقدمہ درج کرلیا۔ متوفی کے گھر والوں نے بتایا کہ واسی راجو پچھلے کچھ دنوں سے بیمار تھے۔ انہیں شبہ تھا کہ وہ کوویڈ۔19 بیماری میں مبتلا تھے، انہوں نے کنگ کوٹھی گورنمنٹ ہاسپٹل سے رجوع بھی ہوئے تھے جہاں ڈاکٹرس نے انہیں کوویڈ۔ 19 کے علامات نہ ہونے کی بات کہی، لیکن وہ ڈاکٹرس کی بات پر مطمئن نہیں ہوپائے۔ اس کے بعد وہ گاندھی ہاسپٹل جانے کی ضد کرنے لگے جس پر گھر والوں نے انہیں وہاں لیجانے کا وعدہ بھی کیا۔ ہفتہ کی صبح دواخانہ جانے کی تیاری کررہے تھے کہ اچانک انہوں نے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ واضح رہے کہ مارچ کے مہینہ میں ریاست کے سدی پیٹ ضلع میں بھی ایک شخص نے کوویڈ۔19 کے شبہ میں خودکشی کرلی تھی۔