حیدرآباد انکاونٹر ‘ تحقیقات کی تکمیل کیلئے مزید چھ ماہ کی مہلت : سپریم کورٹ

   

نئی دہلی ۔سپریم کورٹ نے سبکدوش جج وی ایس سرپورکر کی قیادت والے ایک پینل کو حیدرآباد انکاونٹر کی تحقیقات مکمل کرنے کیلئے مزید چھ ماہ کی مہلت دی ہے ۔ واضح رہے کہ ایک وٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے ملزمین کی انکاونٹر میں ہلاک کی یہ پیانل تحقیقات کر رہا ہے ۔ چیف جسٹس جسٹس ایس اے بوبڈے کی قیادت والی ایک بنچ نے پیانل کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے تحقیقات کی تکمیل کیلئے مزید چھ ماہ کی مہلت دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ پیانل نے اپنی درخواست پیش کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ اسے اپنی تحقیقات کی تکمیل اور رپورٹ پیش کرنے کیلئے مزید چھ ماہ کا وقت دیا جائے ۔ گذشتہ سال12 ڈسمبر کو سپریم کورٹ نے سہ رکنی تحقیقاتی کمیشن اس معاملہ کی جانچ کیلئے تشکیل دیا تھا ۔ اس کمیشن میں سابق بمبئی ہائیکورٹ جج ریکھا سوندور اور سابق سی بی آئی ڈائرکٹر بی آر کاتی کیان بھی شامل ہیں۔ عدالت نے کہا تھا کہ کمیشن اندرون چھ ماہ اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کو پیش کر دے گا ۔