2033 تک دنیا کا پہلا شہر بن جائے گا
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاست کے دارالحکومت شہر حیدرآباد کو سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں پانچواں مقام حاصل ہوا ہے ۔ برطانوی رئیل اسٹیٹ کنسلٹنگ فرم ( Savills ) کی جانب سے شہر کی مجموعی ترقی اور مختلف شعبہ جات اور تجارتی اداروں کی بنیاد پر شہر حیدرآباد کو عالمی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے دنیا کے شہروں کی درجہ بندی میں پانچواں مقام دیا گیا ۔ حیدرآباد معاشی عروج کو مستحکم کرنے والا شہر بن چکا ہے ۔ حیدرآباد میں آئی ٹی شعبہ ، بنکنگ خدمات ، خانگی ادارے اور کاروباری اداروں کی عالمی سطح پر ایک خصوصی شناخت بن چکی ہیں ۔ Savills نے سال 2023 کی گروتھ ہبس انڈیکس ( Growth Hubs Indix ) کی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا ہے ۔ دنیا کے 230 شہروں میں Savills کے سروے کی رپورٹ میں جن شہروں کی جی ڈی پی سب سے زیادہ ہیں ۔ اس درجہ بندی میں حیدرآباد نے پانچواں مقام حاصل کیا ۔ ایشیائی ممالک میں تیزی سے جی ڈی پی بڑھنے والے شہروں کی تعداد صرف 15 ہیں ۔ جن میں حیدرآباد کے بعد ممبئی اور بنگلور شامل ہیں ۔ ممبئی کو آٹھواں اور بنگلور کو 14 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ ایک وقت میں ممبئی تیزی سے ترقی کرنے والا شہر تھا جو کئی برسوں سے ملک کا پہلا شہر تھا جس کو حیدرآباد نے پیچھے چھوڑ دیا ۔ 2023 کی بنیاد پر جس طرح حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا تھا اس انداز میں ترقی کرتا رہا تو 2033 تک حیدرآباد پہلے مقام پر پہنچ جائے گا ۔ اس رفتار کو بڑھانے میں سابق چیف منسٹر کے سی آر اور کے ٹی آر نے اہم رول ادا کیا تھا ۔ ریونت ریڈی نے اقتدار پر بیٹھتے ہی حیڈرا کو عمل میں لایا اور انہدامی کارروائیوں کا آغاز کیا جس کے بعد شہر حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں کا پورا ماحول ہی تبدیل ہوگیا ہے ۔ حیڈرا کی کارروائیوں کے بعد حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مکانات کی خرید و فروخت میں 42 فیصد تک کمی ہوئی ہیں ۔ Savills کے 70 ممالک میں 700 اسٹیٹ کنسلٹنسی موجود ہیں جس میں 40 ہزار سے زائد افراد ملازمت کرتے ہیں ۔ ہندوستان میں حیدرآباد ، بنگلور ، چینائی ، دہلی ، ممبئی ، پونے اور گجرات جیسے شہروں میں دفاتر موجود ہیں ۔ شہر حیدرآباد آئندہ دس سالوں میں نمبر ایک مقام تک پہنچ سکتا ہے ۔ لیکن حیڈرا کی کارروائیوں کے بعد اس ترقی کو ایک بڑا اسپیڈ بریکر لگ چکا ہے ۔ آئندہ چند ماہ میں حکومت کی پالیسیوں کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ حیدرآباد کتنی تیزی سے ترقی کرے گا ۔۔ ش