حیدرآباد: راجندرنگر قتل کا معاملہ حل، ملزمین گرفتار، پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کا فیصلہ

,

   

حیدرآباد: شہر کے علاقہ راجندرنگر سلیمان نگر میں پیش آئے دو قبل قتل کے واقعہ کے اہم ملزمین کو راجندرنگر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندرنگر اشوک چکراپانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کاانکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول 22سالہ فیروز جو پیشہ سے صوفہ میکر ہے۔ راجندرنگر کے سلیمان نگر میں ایک شادی خانہ میں دعوت کے سلسلہ میں آیا ہوا تھا۔ رات 11.30بجے کسی مسئلہ پر اس کی 25سالہ نسیم لالا نامی ایک نوجوان سے بحث ہوگئی اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ جس پر فیروز نے پولیس کو فون پر اس کی اطلاع دیدی جس کے ساتھ ہی پولیس کی ٹیم فوری وہاں پہنچ گئی۔

لیکن مقامی افراد نے اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے صلح کروادی اور پولیس کو وہاں سے روانہ کردیا۔ فیروز کے پولیس کو اطلاع دینے کو نسیم لالا اپنی بے عزتی تصور کررہا تھا اور وہ انتقام لینے کی آگ میں جل رہا تھا۔رات تقریبا ایک بجے فیروز شادی تقریب سے و اپس اپنے گھر لوٹ رہا تھا نسیم لالا اپنے دو ساتھیوں محسن اور سرور کے ساتھ اس کا تعاقب کیا اور راستہ میں اس پر تیز دھار چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں فیروز شدید زخمی ہوگیا اور اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع واردات پر پہنچ گئی اور فیروز کو دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹرس نے اسے مردہ قرار دیدیا۔ اے سی پی اشوک نے بتایا کہ قتل کے بعد تینوں ملزمین فرار ہوگئے تھے۔

انہیں آج گرفتارکر کے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین کی سابق میں مجرمانہ ریکارڈ کے پیش نظر ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لیکن ابھی اس ضمن میں قانونی کارروائی درکار ہے۔