حیدرآباد میں بی جے پی کا سہ روزہ قومی عاملہ کا اجلاس

   

وزیراعظم کا راج بھون میں قیام متوقع ، مرکزی وزراء ، چیف منسٹرس اور دیگر قائدین کے لیے ہوٹلیں
حیدرآباد۔یکم۔جون۔(سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی جولائی کے پہلے ہفتہ کے دوران راج بھون حیدرآباد میں قیام کریں گے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے سہ روزہ قومی عاملہ کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ 18 ریاستوں کے چیف منسٹران شہر حیدرآباد میں رہیں گے علاوہ ازیں مرکزی کابینہ میں شامل بیشتر وزراء بھی شہرحیدرآباد میں قیام کریں گے ۔بی جے پی قومی عاملہ کے اجلاس کے سلسلہ میں بی جے پی قومی جنرل سیکریٹری مسٹر بی ایل سنتوش نے ریاستی قائدین بنڈی سنجے کے علاوہ دیگر کے ہمراہ راج بھون کے علاوہ شہر کی کئی سرکردہ ہوٹلوںکا دورہ کرتے ہوئے بی جے پی قائدین کے قیام کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہائی ٹیکس میں موجود ایچ آئی سی سی کنونشن کا معائنہ کرتے ہوئے اجلاس کے امور کو قطعیت دی۔ جولائی کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کے سلسلہ میں قومی بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائدین شہرحیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے مختلف امور کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق سہ روزہ دورۂ حیدرآباد کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے راج بھون میں قیام کے امکانات ہیں جبکہ دیگر چیف منسٹر س اور مرکزی وزراء کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ہوٹل تاج کرشنا ‘ پارک حیات اور دیگر ہوٹلوں میں انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قائدین نے ہائی ٹیک سٹی کے مختلف ہوٹلس کی تفصیلات بھی حاصل کی ہیں اور ان ہوٹلوں میں بی جے پی قومی عاملہ کے ارکان کے قیام کے انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے راج بھون میں قیام کے متعلق بی جے پی قائدین نے توثیق نہیں کی ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ سیکیوریٹی امور اوردیگر انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم کے راج بھون میں قیام کے انتظامات کئے جارہے ہیں کیونکہ دیگر کسی مقام پر وزیر اعظم کے قیام کی صورت میں سیکیوریٹی امور کے سبب شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ بی جے پی قومی عاملہ کے اجلاس کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے جلسہ عام منعقد کرنے کے متعلق بھی غور کیا جا رہاہے۔ م