حیدرآباد میں ریڈ زون علاقے قرار دینے کی اطلاعات غلط

   

حیدرآباد28مارچ(یواین آئی)کلکٹر حیدرآباد شویتا مہنتی نے واضح کیا ہے کہ حیدرآباد ضلع میں کہیں بھی ریڈ زون قرار نہیں دیا گیا۔سوشل میڈیا پر اس طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف فوجداری معاملات درج کئے جائیں گے ۔صحافت کیلئے جاری بیان میں کلکٹر حیدرآباد نے کہا کہ فلم نگر علاقہ میں کورونا وائرس کا مثبت معاملہ درج ہونے سے متعلق اطلاعات بھی صحیح نہیں ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں رہتے ہوئے حکومت کے احکام پر پابند رہیں۔اسی دوران سائبرآباد کے کمشنر پولیس سجنار نے بھی وضاحت کی ہے کہ شہر میں ریڈ زون نہیں ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چندا نگر اور فلم نگر کے ساتھ ساتھ بعض دیگر علاقوں کو ریڈ زون قرار دینے سے متعلق بعض میڈیا اور واٹس ایپ پر وائرل ہونے والی خبریں جھوٹی ہیں۔ انہوں نے میڈیا کی ان اطلاعات کو بھی مسترد کردیا کہ چندا نگر، گچی باولی،کتہ پیٹ اور کوکا پیٹ کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے ۔